ایمانوئل میکرون نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس خطے میں امن کی بحالی، دہشت گرد سرگرمیوں کے خاتمے اور لبنان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔ مونٹی نیگرو کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی صدر نے کہا کہ ان کا ملک جنگ بندی معاہدے کی حمایت کرتا ہے اور ایسے ہر اقدام کے ساتھ کھڑا ہے جو خطے میں استحکام اور امن کو فروغ دے۔ انہوں نے زور دیا کہ لبنان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا مکمل احترام ناگزیر ہے۔ میکرون کے مطابق امریکہ اور فرانس نے مشترکہ طور پر ایک رابطہ اور نگرانی کا نظام قائم کر رکھا ہے جس کا مقصد جنگ بندی پر عمل درآمد کی نگرانی کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جنگ بندی واقعی سنجیدہ اور پائیدار ثابت ہوتی ہے تو اسی نظام کو دوبارہ فعال کیا جانا چاہیے تاکہ معاہدے کی ہر شق پر عمل درآمد کی تصدیق کی جا سکے۔ فرانسیسی صدر کے بیان کو ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ ایک جانب لبنان میں جنگ بندی کی امیدیں پیدا ہوئی ہیں جبکہ دوسری جانب حزب اللہ پہلے ہی بعض شرائط پر اعتراضات اٹھا چکی ہے۔ ایسے میں فرانس اور امریکہ کی مشترکہ نگرانی خطے میں امن کے مستقبل کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق فرانس کی کھلی حمایت اس بات کا اشارہ ہے کہ مغربی طاقتیں لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کو وسیع علاقائی جنگ میں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے متحرک ہو چکی ہیں۔





