پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات کے نئے دور کا آغاز

پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات نے ایک نیا اور اہم موڑ اختیار کر لیا ہے، جہاں دونوں ممالک نے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کے لیے اقتصادی ترقی کا نیا راستہ کھولتا ہے، بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک بڑی سفارتی اور تجارتی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ معاہدہ واشنگٹن میں اُس وقت طے پایا جب وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکی وزیرِ تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے (یو ایس ٹی آر) جیمیسن گریر سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس اہم موقع پر پاکستان کے سیکریٹری تجارت جواد پال اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے۔

اس معاہدے کی گونج صرف سرکاری دفاتر تک محدود نہ رہی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ” ٹروتھ سوشل ” کے ذریعے کی اس کا اعلان کیا۔ ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ تیل کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں اور وسیع تر اقتصادی تعاون کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت تیل کے بڑے ذخائر کو ترقی دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
لیکن سب سے زیادہ توجہ اس وقت حاصل ہوئی جب انہوں نے بھارت پر طنزیہ وار کرتے ہوئے کہا کہ کون جانے، شاید ایک دن پاکستانی بھارت کو ہی تیل بیچ رہے ہوں۔ ان کے اس جملے نے نہ صرف سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی، بلکہ جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن پر بھی سوالات کھڑے کر دیے۔
پاکستانی وزارتِ خزانہ کے مطابق امریکہ کے ساتھ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک درج ذیل شعبوں میں قریبی اشتراک کریں گے
دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ
پاکستانی مصنوعات پر امریکی ٹیرف میں کمی
امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مواقع کی فراہمی
توانائی، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی سمیت کئی کلیدی شعبوں میں اشتراک
ایک دوسرے کی منڈیوں تک آسان رسائی

یہ معاہدہ پاکستانی برآمدات کو نئی منڈیوں میں لے جانے میں مددگار ہوگا، جبکہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کا موقع فراہم کرے گا۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ معاہدہ نہ صرف اقتصادی حوالے سے اہم سنگِ میل ہے بلکہ پاک-امریکہ تعلقات میں بڑھتے ہوئے اعتماد اور نئے وژن کا بھی مظہر ہے۔ واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان اس اقتصادی پل کی تعمیر سے دونوں ممالک اپنے باہمی تعلقات کو نئی جہت دے رہے ہیں جس میں تجارت صرف کاروبار نہیں، بلکہ سفارتی حکمتِ عملی کا بھی حصہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید