Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہومبین الاقوامی خبریںکولمبیا میں 7.4 شدت کا شدید زلزلہ، 111 افراد ہلاک، بڑے شہروں...

ٹرینڈنگ

کولمبیا میں 7.4 شدت کا شدید زلزلہ، 111 افراد ہلاک، بڑے شہروں میں عمارتیں منہدم

کولمبیا میں 7.4 شدت کا شدید زلزلہ، 111 افراد ہلاک، بڑے شہروں میں عمارتیں منہدم

مغربی کولمبیا میں پیر کی صبح 7.4 شدت کے انتہائی طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 111 افراد ہلاک اور 87 زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ سیکڑوں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے،امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے
امریکی اور کولمبیا کے ارضیاتی اداروں کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7 بج کر 34 منٹ پر آیا،اس کا مرکز مغربی کولمبیا کے صوبہ چوکُو میں واقع سان خوسے ڈیل پالمر کے قریب تھا،زلزلے کے شدید جھٹکے ملک کے کئی بڑے شہروں، جن میں کالی، پیریرا، مانیثالس اور کوئبدو شامل ہیں، میں محسوس کیے گئے
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تقریباً 1,600 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کم از کم 61 عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہو گئی ہیں،کالی اور پیریرا سمیت کئی شہروں میں عمارتوں کے گرنے کے بعد لوگ ملبے میں پھنس گئے اور امدادی کارکنوں نے فوری طور پر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کر دیں
زلزلے کے بعد کئی علاقوں میں مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا، خاص طور پر چوکُو کے دور دراز علاقوں سے رابطہ قائم کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں،بعض ہوائی اڈوں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور متاثرہ علاقوں میں پروازوں کی سرگرمیاں معطل یا محدود کی گئی ہیں
کولمبیا کے صدر نے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی سنبھال لی ہے،حکومت نے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں، طبی عملہ اور دیگر وسائل روانہ کیے ہیں، جبکہ مزید جھٹکوں کے خطرے کے پیش نظر لوگوں کو متاثرہ اور غیر محفوظ عمارتوں میں واپس نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے،
زلزلے کے جھٹکے کولمبیا سے باہر بھی محسوس کیے گئے اور پڑوسی ملک وینزویلا میں بھی لوگوں نے شدید لرزش محسوس کی،وینزویلا خود جون میں آنے والے دو مہلک زلزلوں کے اثرات سے ابھی پوری طرح نہیں نکلا تھا،
امدادی اداروں کے لیے سب سے بڑا چیلنج اب ملبے تلے ممکنہ طور پر موجود افراد تک پہنچنا ہے،حکام کے مطابق ہلاکتوں اور نقصان کی مکمل تصویر ابھی سامنے نہیں آئی کیونکہ بعض متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی رابطے منقطع یا انتہائی کمزور ہیں،امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے اور متاثرہ شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے میں مصروف ہیں۰
یہ زلزلہ کولمبیا میں رواں صدی کا سب سے طاقتور زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے اور بڑے پیمانے پر تباہی کے باعث ملک کو ایک بڑے انسانی بحران کا سامنا ہے۰

مزید پڑھیں