پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک
پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک
پنجگور: بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقوں سرکانی اور چیدگی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک اہم کمانڈر بھی شامل ہے۔
ریاستی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی آپریشن ردالفتنہ-3 کے تحت کی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں فتنۃ الہندوستان کا اہم کمانڈر وزیر بھی شامل تھا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنیں، بھاری ہتھیار اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ریاستی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد پنجگور میں ڈکیتی، بھتہ خوری، اغوا اور مقامی تاجروں و شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کارروائی میں کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر کارروائی سے دہشت گردوں کی سرگرمیوں کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے لیے دہشت گرد عناصر کا خاتمہ ضروری ہے۔
یہ کارروائی بلوچستان میں ایک روز قبل ہونے والی متعدد کارروائیوں کے بعد کی گئی ہے، جن میں سیکیورٹی فورسز نے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
بلوچستان میں گزشتہ ماہ بھی سیکیورٹی صورتحال انتہائی سنگین رہی۔ ایک سیکیورٹی جائزے کے مطابق جون کے مقابلے میں جولائی کے دوران صوبے میں مجموعی ہلاکتوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔


