Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہومبریکنگ نیوزآزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے...

ٹرینڈنگ

آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی: رانا ثناء اللہ

آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی: رانا ثناء اللہ

وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت تشکیل دے گی۔
باغ میں مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے دو مراحل میں مسلم لیگ (ن) نے 24 نشستیں حاصل کی ہیں اور دو تہائی اکثریت کے لیے مزید 6 نشستیں درکار ہیں۔ ان کے مطابق 10 اگست کو ہونے والے انتخابات میں پارٹی مزید 4 نشستیں حاصل کرے گی جبکہ پونچھ ڈویژن کے باقی علاقوں میں انتخابات کے بعد مزید 5 نشستیں ملنے کی توقع ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کشمیری عوام نے مسلم لیگ (ن)، نواز شریف اور پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر اعتماد کیا ہے۔ انہوں نے کارکنوں اور ووٹرز پر زور دیا کہ وہ 10 اگست کو بھرپور انداز میں ووٹ ڈالیں تاکہ مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہونے کے بعد جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے بھی مذاکرات کیے جائیں گے اور ان کے مطالبات پر بات چیت کی جائے گی۔ رانا ثناء اللہ کے مطابق مظاہرین کی بڑی تعداد محب وطن کشمیری اور پاکستانی ہیں اور ان کے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں بڑے ترقیاتی منصوبے ماضی میں اس وقت مکمل ہوئے جب مرکز اور آزاد کشمیر دونوں میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ بھی مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دے گی۔
رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف آزاد کشمیر کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے اور باغ سے مسلم لیگ (ن) کے تین امیدواروں میں سے کسی ایک کو مستقبل کا وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

مزید پڑھیں