Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہومپاکستانمحسن نقوی کے بیان سے حکومتی نظام اور سیاسی بندوبست پر نئی...

ٹرینڈنگ

محسن نقوی کے بیان سے حکومتی نظام اور سیاسی بندوبست پر نئی بحث چھڑ گئی

محسن نقوی کے بیان سے حکومتی نظام اور سیاسی بندوبست پر نئی بحث چھڑ گئی

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان نے ملک کے سیاسی اور حکومتی حلقوں میں ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ پاکستان اکنامک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ نظامِ حکمرانی اپنی افادیت کھو چکا ہے اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بنیادی نوعیت کی ساختی اصلاحات ناگزیر ہیں۔
وزیرِ داخلہ نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ انتظامی ڈھانچہ عوامی مسائل کے مؤثر حل میں ناکام رہا ہے، اس لیے بہتر حکمرانی کے لیے نئے انتظامی یونٹس اور وسیع اصلاحات پر غور کیا جانا چاہیے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق محسن نقوی کے اس بیان کو محض ذاتی رائے قرار دینا آسان نہیں، کیونکہ انہیں ریاستی طاقت کے مراکز سے قریب سمجھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے ریمارکس نے 2024 کے انتخابات کے بعد قائم سیاسی بندوبست اور حکومتی ڈھانچے پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
بعد ازاں فوج کے ترجمان نے بھی بہتر حکمرانی کے لیے انتظامی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی، استحکام اور بڑھتی ہوئی آبادی کے تقاضوں کے مطابق نظامِ حکمرانی کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
وزیرِ داخلہ کے بیان کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف کی حکومت کے مستقبل سے متعلق بھی مختلف سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔ حکومتی اتحاد کے بعض رہنماؤں نے محسن نقوی کے مؤقف پر اعتراضات اٹھائے، جبکہ بعض وفاقی وزراء نے ان کے کردار اور اختیارات پر بھی سوالات کیے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کو درپیش سیاسی، معاشی اور انتظامی چیلنجز کے حل کے لیے صرف انتظامی تبدیلیاں کافی نہیں ہوں گی بلکہ مضبوط جمہوری اداروں، آئینی بالادستی، مؤثر طرزِ حکمرانی اور وسیع سیاسی اتفاقِ رائے کی بھی ضرورت ہوگی

مزید پڑھیں