“امریکا نے ویزا بانڈ پالیسی مستقل کر دی، بعض ممالک کے شہریوں کو 20 ہزار ڈالر تک ضمانت دینا ہوگی”
امریکا نے بعض ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا بانڈ پروگرام کو مستقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت مخصوص ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو سیاحتی یا کاروباری ویزا حاصل کرنے کے لیے بھاری رقم بطور ضمانت جمع کرانا پڑ سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس پروگرام کے تحت بی ون اور بی ٹو ویزا (کاروباری اور سیاحتی ویزا) کے درخواست گزاروں سے زیادہ سے زیادہ 20 ہزار ڈالر تک قابل واپسی ضمانت طلب کی جا سکتی ہے۔ یہ رقم اس صورت میں واپس کی جائے گی جب مسافر ویزا کی شرائط کے مطابق مقررہ مدت میں امریکا سے واپس چلا جائے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ویزا مدت ختم ہونے کے بعد غیر قانونی قیام کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ حکام کے مطابق پائلٹ پروگرام کے تجربے کے بعد اسے مستقل پالیسی میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
امیگریشن ماہرین اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے اس پالیسی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے جائز مسافروں کے لیے امریکا کا سفر مشکل ہو سکتا ہے اور کم آمدنی والے ممالک کے شہری زیادہ متاثر ہوں گے۔


