Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

عمران خان کی سربراہی میں قومی حکومت منظور، پی ٹی آئی اجلاس میں تجویز پر قہقہے، مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل پر بھی اختلافات

عمران خان کی سربراہی میں قومی حکومت منظور، پی ٹی آئی اجلاس میں تجویز پر قہقہے، مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل پر بھی اختلافات

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے چار گھنٹے طویل اجلاس کی اندرونی تفصیلات سامنے آنے کے بعد پارٹی کے اندر جاری اختلافات، مذاکراتی حکمت عملی اور قومی حکومت کے قیام سے متعلق مختلف آرا نے نئی سیاسی بحث چھیڑ دی ہے،اجلاس میں ایک طرف پارٹی کے اندر مشاورت اور مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کے طریقہ کار پر تحفظات سامنے آئے تو دوسری جانب عمران خان کی سربراہی میں قومی حکومت کے قیام کی تجویز بھی زیر بحث آئی، جس پر ارکان کے درمیان دلچسپ تبادلہ خیال ہوا
تاہم اجلاس میں قومی حکومت کے قیام پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق بعض ارکان نے تجویز دی کہ اگر قومی حکومت تشکیل دی جاتی ہے اور اس کی سربراہی عمران خان کو سونپی جاتی ہے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا،اس تجویز پر اجلاس میں قہقہے بھی لگے۔ دوسری جانب ارکان کی اکثریت نے قومی حکومت کے قیام کے تصور سے اتفاق نہیں کیا
قومی حکومت کی تجویز کے حوالے سے ایک اہم سیاسی پیش رفت یہ بھی سامنے آئی کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے حال ہی میں کثیر الجماعتی کانفرنس میں قومی حکومت اور آئینی اصلاحات کی بات کی تھی، تاہم پی ٹی آئی نے اس تجویز سے خود کو الگ کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ اچکزئی کی اپنی جماعت کا مؤقف ہے اور تحریک انصاف اس کی حمایت نہیں کرے گی
اجلاس میں مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل پر بھی اختلافات سامنے آئے،بعض ارکان نے اعتراض کیا کہ کمیٹی کسی ایک شخصیت کی خواہش پر قائم نہیں کی جاسکتی بلکہ بیرسٹر گوہر علی خان اور سلمان اکرم راجہ سمیت اہم قیادت کی مشاورت سے فیصلہ ہونا چاہیے۔ ارکان نے ان پارٹی رہنماؤں پر بھی تنقید کی جو میڈیا پر آکر جماعت کی پالیسی کے خلاف بیانات دیتے ہیں اور اس طرز عمل کو پارٹی کے اندر انتشار کا سبب قرار دیا
اجلاس کا ایک اہم پہلو سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر علی ظفر کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی تھا،ڈان کی رپورٹ کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے بعض پارٹی ارکان کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ کچھ لوگ کیا کر رہے ہیں، لیکن وہ ان کے نام نہیں لینا چاہتے۔ اس پر علی ظفر نے انہیں چیلنج کیا کہ اگر وہ کسی کے بارے میں جانتے ہیں تو نام بھی بتائیں،صورتحال کشیدہ ہونے پر عامر ڈوگر اور فیصل گنڈاپور سمیت دیگر ارکان نے مداخلت کرکے معاملہ سنبھالا
اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ بھی زیر بحث آیا،ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ اس اہم قومی معاملے پر جلد بازی کے بجائے پارلیمانی سطح پر تفصیلی مشاورت ہونی چاہیے،فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مجوزہ مسودہ سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف اس کا جائزہ لے گی اور اس کے بعد اپنا باضابطہ مؤقف مرتب کرے گی،پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس معاملے پر اپنی انفرادی پالیسی بیان دینے سے گریز کریں
اجلاس میں سردار لطیف کھوسہ نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے اپنی حالیہ ملاقات کی تفصیلات اور ان کی ہدایات سے ارکان کو آگاہ کیا،عمران خان نے نئے صوبوں کے معاملے پر پارلیمانی پارٹی سے تفصیلی مشاورت کی ہدایت کی تھی اور فیصلہ کیا گیا کہ ارکان کی سفارشات دوبارہ ان تک پہنچائی جائیں گی،عمران خان نے اس سے قبل مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے بڑھانے اور وسیع تر سیاسی اتحاد قائم کرنے کی ہدایت بھی دی تھی
پارٹی رہنماؤں کے مطابق اجلاس میں تنظیم نو، اسیر رہنماؤں کی رہائی، شاہ محمود قریشی کے مقدمات اور صحت کے مسائل سمیت دیگر سیاسی معاملات پر بھی گفتگو ہوئی،سلمان اکرم راجہ نے اجلاس کے بعد بتایا کہ یہ حتمی اجلاس نہیں تھا اور آئندہ منگل کو دوبارہ مشاورت ہوگی،ارکان اپنی تجاویز عمران خان تک پہنچائیں گے اور اہم معاملات پر حتمی فیصلہ وہی کریں گے
یوں تحریک انصاف کے اس طویل اجلاس نے واضح کردیا ہے کہ پارٹی کو اس وقت صرف حکومت کے ساتھ سیاسی محاذ آرائی ہی نہیں بلکہ اپنے اندر پالیسی سازی، قیادت کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے بھی کئی سوالات کا سامنا ہے،قومی حکومت کے قیام سے لے کر نئے صوبوں اور مذاکرات تک، اہم فیصلوں کی آخری اتھارٹی بدستور عمران خان کو ہی قرار دیا جا رہا ہے

قومی خبریں سے مزید