بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے درمیان فرانس کی وائنری کا چار سالہ قانونی تنازع ختم، عدالت سے باہر تصفیہ
لاس اینجلس: ہالی وڈ کے سابق معروف جوڑے بریڈ پٹ اور انجلینا جولی نے فرانس میں واقع اپنے مشترکہ شراب سازی کے کاروبار اور تاریخی اسٹیٹ ’شاتو میراوال‘ (Château Miraval) پر چار سال سے جاری قانونی جنگ عدالت سے باہر تصفیے کے ذریعے ختم کر دی ہے،دونوں کے نمائندوں نے بدھ کو اے بی سی نیوز کو جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں تصفیے کی تصدیق کی
بیان میں کہا گیا کہ دونوں نے اپنے خاندان کے بہترین مفاد میں عدالت سے باہر معاملہ طے کر لیا ہے اور اس بارے میں مزید تبصرہ نہیں کریں گے،انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ میڈیا میں نامعلوم ذرائع سے منسوب بیانات ان دونوں یا ان کے قریبی حلقوں کی جانب سے نہیں دیے گئے
بریڈ پٹ اور انجلینا جولی نے 2008 میں فرانس کے علاقے پرووانس میں واقع شاتو میراوال اسٹیٹ خریدی تھی،اس وسیع جائیداد میں رہائش گاہ، انگوروں کے باغات اور شراب بنانے کا کاروبار شامل ہے،دونوں نے 2014 میں اسی اسٹیٹ پر شادی کی تھی، تاہم 2016 میں علیحدگی کے بعد ان کے درمیان طلاق اور بچوں کی تحویل سمیت متعدد قانونی معاملات شروع ہوئے
وائنری کا تنازع فروری 2022 میں اس وقت عدالت پہنچا جب بریڈ پٹ نے انجلینا جولی کے خلاف مقدمہ دائر کیا،پٹ کا الزام تھا کہ جولی نے کاروبار میں اپنا حصہ ان کی رضامندی کے بغیر تیسرے فریق کو فروخت کر دیا، حالانکہ دونوں کے درمیان یہ اتفاق تھا کہ کوئی بھی فریق دوسرے کی منظوری کے بغیر اپنا حصہ فروخت نہیں کرے گا
انجلینا جولی کے وکلا نے اکتوبر 2022 میں جوابی قانونی درخواست میں اس دعوے کو مسترد کیا،ان کا مؤقف تھا کہ جائیداد خریدنے سے چند روز قبل پٹ نے تحریری طور پر ایسے کسی معاہدے سے انکار کر دیا تھا،یوں دونوں فریقوں کے درمیان بنیادی اختلاف اس بات پر تھا کہ آیا کاروبار میں حصص کی فروخت کے لیے باہمی رضامندی کی کوئی پابند شرط موجود تھی یا نہیں
اس تنازعہ میں روسی نژاد ارب پتی کاروباری شخصیت یوری شیفلر کی کمپنی اسٹولی گروپ بھی شامل ہوئی، جسے جولی نے 2021 میں اپنا حصہ فروخت کیا تھا،پٹ نے اس فروخت کو اپنے حقوق اور مبینہ معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا، جبکہ جولی کے مؤقف کے مطابق انہیں اپنے حصص فروخت کرنے کا حق حاصل تھا
تصفیے کی مالی شرائط اور دیگر تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں،یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ آیا دونوں کے درمیان کاروباری حصص کی ملکیت یا وائنری کے مستقبل کے انتظام سے متعلق کوئی نئی شرائط طے ہوئی ہیں،اس لیے عدالت سے باہر تصفیے کو قانونی تنازعہ کے خاتمے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، نہ کہ کسی ایک فریق کے الزامات کی عدالتی توثیق یا دوسرے فریق کی غلطی کے اعتراف کے طور پر






