Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

آسٹریلیا کا بڑا فیصلہ، ڈیجیٹل تحفظ کے نئے قانون کے تحت ٹیکنالوجی کمپنیوں کو عالمی آمدنی کے 5 فیصد تک جرمانے کا سامنا

آسٹریلیا کا بڑا فیصلہ، ڈیجیٹل تحفظ کے نئے قانون کے تحت ٹیکنالوجی کمپنیوں کو عالمی آمدنی کے 5 فیصد تک جرمانے کا سامنا

سڈنی: آسٹریلیا کی پارلیمنٹ نے بدھ 25 نومبر 2026 کو ڈیجیٹل ڈیوٹی آف کیئر قانون منظور کر لیا ہے، جس کے تحت آن لائن صارفین، خصوصاً بچوں کو نقصان سے بچانے کے لیے مناسب اقدامات نہ کرنے والی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ان کی عالمی آمدنی کے 5 فیصد تک جرمانہ کیا جا سکے گا،اس قانون سے Meta، Apple اور دیگر عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اربوں ڈالر کے جرمانوں کا سامنا ہو سکتا ہے
وزیر مواصلات انیکا ویلز نے پارلیمنٹ سے منظوری کی تصدیق کی،وزیراعظم انتھونی البانیز کی مرکز مائل بائیں بازو کی لیبر پارٹی حکومت نے اس قانون کی منظوری کے لیے گرینز پارٹی کے ساتھ معاہدہ کیا،حکومت کا مؤقف ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو صرف نقصان دہ مواد ہٹانے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں اپنی خدمات کے ممکنہ نقصانات کی پیشگی شناخت اور روک تھام کی بھی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی
نئے قانون کے تحت صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ہی نہیں بلکہ آن لائن گیمز، موبائل ایپس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹس بھی حفاظتی ذمہ داریوں کے دائرے میں آئیں گے،کمپنیوں کو ممکنہ خطرات کی پیشگی نشاندہی، ان کا سالانہ جائزہ اور انہیں کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے،انہیں اپنے پلیٹ فارمز میں ایسی خصوصیات کے خطرات بھی جانچنے ہوں گے جو صارفین کو مسلسل اسکرین پر مصروف رکھتی ہیں، مثلاً لامتناہی اسکرولنگ اور نشہ آور ڈیزائن
قانون میں بچوں اور 18 سال سے کم عمر افراد کے تحفظ پر خصوصی زور دیا گیا ہے،کمپنیوں کو ایسے مواد اور سرگرمیوں سے بچوں کو بچانے کے اقدامات کرنا ہوں گے جو شدید ذہنی اذیت، کھانے کی بیماریوں، جرائم کی تشہیر، خطرناک کرتبوں یا خواتین کے خلاف نفرت انگیز رویوں کو فروغ دے سکتے ہیں،صارفین کو سوشل میڈیا کے سفارشاتی الگورتھم سے الگ ہو کر صرف ان اکاؤنٹس کا مواد دیکھنے کا اختیار بھی دیا جائے گا جنہیں وہ خود فالو کرتے ہیں
اس قانون کی ایک اہم شق آسٹریلوی شہریوں کو یہ حق دیتی ہے کہ اگر کسی ڈیجیٹل کمپنی کی قانونی ذمہ داری کی خلاف ورزی سے انہیں نقصان پہنچا ہو تو وہ عدالت سے رجوع کر سکیں،اس کے علاوہ آن لائن سیفٹی کمشنر کو ایسے ایپس اور ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کے مزید اختیارات دیے گئے ہیں جو حقیقی افراد کی تصاویر سے جعلی برہنہ تصاویر تیار کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہیں،قانون کی نئی دفعات 12 ماہ کی عبوری مدت کے بعد نافذ ہوں گی
تاہم قانون پر اختلاف بھی موجود ہے،امریکی سفیر ڈیوڈ بریٹ اور آسٹریلیا کی قدامت پسند اپوزیشن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نقصان دہ مواد کی بعض تعریفیں مبہم ہونے کے باعث حکومت اور ریگولیٹرز کو جائز اظہارِ رائے پر پابندی لگانے کے وسیع اختیارات مل سکتے ہیں،ان کے مطابق عالمی آمدنی کے 5 فیصد تک جرمانے امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر غیر متناسب دباؤ ڈال سکتے ہیں،اپوزیشن رہنما اینگس ٹیلر نے قانون کو آمرانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت 2028 کے انتخابات میں کامیاب ہوئی تو اسے منسوخ کرنے کی کوشش کرے گی
حکومت کا کہنا ہے کہ قانون کا مقصد جائز اظہارِ رائے کو محدود کرنا نہیں بلکہ کمپنیوں کو ان کی ڈیجیٹل مصنوعات سے پیدا ہونے والے قابلِ پیش گوئی نقصانات کا ذمہ دار بنانا ہے،آسٹریلیا نے دسمبر 2025 میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی نافذ کرکے بھی عالمی سطح پر ایک نئی مثال قائم کی تھی،ڈیجیٹل ڈیوٹی آف کیئر قانون اسی پالیسی کا اگلا مرحلہ ہے، جس کے ذریعے حکومت آن لائن تحفظ کی ذمہ داری صارفین اور والدین کے بجائے بڑی حد تک ٹیکنالوجی کمپنیوں پر منتقل کرنا چاہتی ہے

قومی خبریں سے مزید