جینسن ہوانگ اور چینی جاسوسی کا معاملہ: امریکی انٹیلی جنس اداروں میں اختلافات، ایلس ہوانگ کے کردار پر سوال برقرار، مارکو روبیو ہوانگ کو کلین چٹ دینے پر حیران ہوئے
واشنگٹن: امریکی انٹیلی جنس اور قومی سلامتی کے اداروں میں اس بات پر اختلاف سامنے آیا ہے کہ آیا ایلس ہوانگ، جن کے ساتھ Nvidia کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے مبینہ تعلقات کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، چین کی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کر رہی تھیں یا انہیں کوئی معلومات فراہم کر رہی تھیں
رائٹرز کے مطابق ایف بی آئی کا جائزہ یہ ہے کہ امریکی انٹیلی جنس کے دستیاب شواہد سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ایلس ہوانگ چینی انٹیلی جنس کی افسر یا اس کی باقاعدہ ایجنٹ تھیں،تاہم سی آئی اے نے اس امکان کو مکمل طور پر خارج نہیں کیا کہ مستقبل میں مزید شواہد سامنے آ سکتے ہیں،اس طرح امریکی اداروں کے درمیان معاملے کی تشریح اور اس کے ممکنہ سکیورٹی مضمرات پر اختلاف برقرار ہے
امریکی حکام کے درمیان اختلاف کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ایلس ہوانگ کے چینی وزارتِ ریاستی سلامتی (MSS) سے مبینہ رابطوں کو کس معنی میں لیا جائے،دو باخبر افراد کے مطابق، ایف بی آئی کی حالیہ بریفنگز میں یہ مؤقف سامنے آیا کہ دستیاب انٹیلی جنس انہیں چینی جاسوس ادارے کی افسر یا ایجنٹ ثابت نہیں کرتی،سی آئی اے کا جائزہ بھی یہ نہیں کہتا کہ وہ حساس قومی سلامتی کی معلومات رکھتی تھیں یا چین کو منتقل کر رہی تھیں، تاہم ادارے نے مستقبل میں نئے شواہد سامنے آنے کا امکان رد نہیں کیا،بعض امریکی حکام کا خیال ہے کہ چینی انٹیلی جنس سے رابطہ بذاتِ خود بیجنگ کے ساتھ تعاون کی علامت ہو سکتا ہے، اگرچہ معلومات کی منتقلی ثابت نہیں ہوئی
رائٹرز کے مطابق، وزیر خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر مارکو روبیو کی جانب سے رواں سال تیار کردہ ایک خفیہ یادداشت میں یہ اشارہ دیا گیا تھا کہ چین کی وزارتِ ریاستی سلامتی نے ایلس ہوانگ کو ممکنہ اثاثے کے طور پر بھرتی کیا تھا،یہ دعویٰ پہلے نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں سامنے آیا تھا،تاہم رائٹرز کا کہنا ہے کہ وہ انٹیلی جنس رپورٹس کی اصل تفصیلات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا
اس معاملے میں ایلس ہوانگ کی سابق کمپنی میگاسپیڈ (Megaspeed) کا کردار بھی زیر بحث ہے، جو Nvidia کی ایک بڑی صارف کمپنی تھی،امریکی انٹیلی جنس سے واقف ایک شخص کے مطابق، سی آئی اے کی رپورٹنگ میں ان کے سابق ادارے اور امریکی ساختہ چپس چین منتقل کیے جانے کے معاملے پر خاص توجہ دی گئی،بعض حکام کے نزدیک یہ سرگرمیاں جینسن ہوانگ کے ذاتی تعلقات سے زیادہ بڑا قومی سلامتی کا مسئلہ ہو سکتی ہیں،میگاسپیڈ نے کہا ہے کہ اس کا کاروبار قانونی ہے اور وہ امریکی برآمدی پابندیوں کی پابندی کرتی ہے
اس معاملے پر اختلافات کے باوجود وائٹ ہاؤس میں مختلف اداروں کے اعلیٰ حکام کے درمیان باقاعدہ مشترکہ اجلاس نہیں ہوا،دو باخبر افراد کے مطابق، قومی سلامتی کونسل نے جینسن ہوانگ اور Nvidia سے متعلق کابینہ سطح کے بین الادارہ اجلاس منعقد نہیں کیے،انٹیلی جنس رپورٹس بھی کانگریس کے ساتھ شیئر نہیں کی گئیں،سابق اور موجودہ انٹیلی جنس حکام کے مطابق، خفیہ معلومات کا محدود حلقے میں رہنا مختلف اداروں کے درمیان جانچ پڑتال اور اختلافی آرا پر بحث کے مواقع کم کر سکتا ہے
Nvidia کے بورڈ کی جانب سے جینسن ہوانگ کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس نے اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش سے بات چیت کے بعد کہا تھا کہ ہوانگ امریکہ کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں ہیں،ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس جے کلیٹن نے بھی کہا تھا کہ یہ واضح نہیں کہ ایلس ہوانگ چینی خفیہ ادارے کی ایجنٹ تھیں یا نہیں،رائٹرز کے مطابق، ٹرمپ نے ہوانگ کی واپسی کےمعاملے پر وینس، بلانش اور کلیٹن سے مشاورت کی، لیکن مارکو روبیو اس بات چیت میں شامل نہیں تھے اور ہوانگ کی بحالی کے فیصلے پر حیران رہ گئے تھے
جینسن ہوانگ نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کی ہے، تاہم مبینہ تعلقات کی تفصیلات پر عوامی سطح پر بات نہیں کی،چین نے جاسوسی سے متعلق الزامات مسترد کیے ہیں، جبکہ ایلس ہوانگ سے رابطے کی رائٹرز کی کوششیں کامیاب نہیں ہوئیں،اس وقت دستیاب معلومات کی بنیاد پر ایلس ہوانگ کو چینی جاسوس قرار دینا ثابت شدہ حقیقت نہیں؛ اصل سوال یہ ہے کہ امریکی اداروں کے پاس موجود رابطوں اور ممکنہ معلومات کی منتقلی کے شواہد کس حد تک قابلِ اعتماد اور فیصلہ کن ہیں






