میسیز Macy s تھینکس گیونگ پریڈ کے 100 سال، نیویارک میں شدید موسم کے باعث تاریخی جلوس ملتوی، 100 غبارے اور نئے کردار ہفتے کو فضاؤں میں اڑیں گے
نیویارک: امریکہ کی مقبول ترین عوامی تقریبات میں شمار ہونے والی Macy’s میسیز تھینکس گیونگ ڈے پریڈ کی صد سالہ تقریب شدید موسم کی پیش گوئی کے باعث جمعرات 26 نومبر کے بجائے ہفتہ 28 نومبر 2026 کو منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے،منتظمین کے مطابق اس سال پریڈ کو غیر معمولی وسعت دی گئی ہے اور اس میں مجموعی طور پر 100 بڑے غبارے، نئے کارٹون کردار، خصوصی فلوٹس، فنکاروں کی پرفارمنس اور مارچنگ بینڈز شامل ہوں گے
میسیز انتظامیہ نے بدھ کو اعلان کیا کہ نیویارک میں تھینکس گیونگ کے روز متوقع شدید موسم اور شرکا و تماشائیوں کی حفاظت کے پیش نظر تقریب ملتوی کی جا رہی ہے،انتظامیہ کے بیان میں کہا گیا کہ شرکا اور عوام کی سلامتی اولین ترجیح ہے اور ہزاروں رضاکاروں، فنکاروں اور شراکت داروں کی محنت سے تیار ہونے والی اس تقریب کو ہفتے کے روز منعقد کیا جائے گا
یہ پریڈ 1924 میں پہلی مرتبہ منعقد ہوئی تھی،اس وقت اسے کرسمس پریڈ کہا جاتا تھا اور اس کا مقصد میسیز Macy’s کے نئے اور اس وقت دنیا کے سب سے بڑے ڈپارٹمنٹ اسٹور کی تشہیر کے ساتھ کرسمس شاپنگ سیزن کا آغاز کرنا تھا،نیویارک میں آباد یورپی تارکین وطن کی بڑی تعداد بھی اس روایت کے آغاز سے وابستہ تھی،ان میں میسیز کے ایسے ملازمین شامل تھے جو اپنے آبائی ممالک کی تہذیبی پریڈوں سے متاثر تھے
گزشتہ 100 سال میں یہ تقریب امریکی ثقافت کا ایک نمایاں حصہ بن چکی ہے،دوسری جنگ عظیم کے دوران 1942 سے 1944 تک تین سال پریڈ منعقد نہیں ہوئی تھی کیونکہ غباروں کی تیاری میں استعمال ہونے والا ربڑ اور دیگر وسائل جنگی ضروریات کے لیے مختص کر دیے گئے تھے،اس سال کی تقریب اس لحاظ سے تاریخی ہے کہ یہ میسیز کی 100ویں پریڈ ہے،جبکہ یہ پریڈ
3.5 ملین افراد سڑکوں پر، کروڑوں ٹیلی ویژن پر دیکھتے ہیں
نیویارک انتظامیہ کے مطابق عام طور پر تقریباً 3.5 ملین افراد پریڈ کے راستے پر براہ راست اسے دیکھنے کے لیے جمع ہوتے ہیں،گزشتہ سال 2025 میں این بی سی اور پیکاک پر مجموعی طور پر 34.3 ملین ناظرین نے یہ تقریب دیکھی تھی، جو اس پریڈ کی تاریخ میں ریکارڈ ناظرین کی تعداد تھی،اس کے علاوہ پریڈ سے ایک روز پہلے غباروں کو ہوا بھرنے کے عمل کو دیکھنے کے لیے تقریباً 10 لاکھ افراد کی آمد متوقع ہوتی ہے
اس تقریب کے اخراجات کے بارے میں میسیز انتظامیہ سرکاری اعدادوشمار جاری نہیں کرتی،کمپنی اسے امریکہ اور نیویارک کے عوام کے لیے اپنا تحفہ قرار دیتی ہے،تاہم مختلف مالیاتی اندازوں کے مطابق پریڈ کے انعقاد پر سالانہ تقریباً 13 ملین ڈالر خرچ ہوتے ہیں،بعض تخمینے اسے 10 سے 15 ملین ڈالر کے درمیان رکھتے ہیں
ایک نئے بڑے غبارے کی تیاری پر تقریباً 190 ہزار ڈالر اور پہلے سے موجود غبارے کے استعمال پر تقریباً 90 ہزار ڈالر تک خرچ آ سکتا ہے،صرف غباروں میں ہیلیم گیس بھرنے کا تخمینہ تقریباً 510 ہزار ڈالر لگایا گیا ہے،ان اخراجات کا کچھ حصہ تجارتی اسپانسرز برداشت کرتے ہیں، کیونکہ کئی غبارے اور فلوٹس معروف کمپنیوں اور برانڈز کے تعاون سے تیار کیے جاتے ہیں
ٹیلی ویژن نشریات بھی اس کاروباری ماڈل کا اہم حصہ ہیں،وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق میسیز اور این بی سی یونیورسل کے درمیان 2025 میں طے پانے والے 10 سالہ معاہدے کی مالیت تقریباً 60 ملین ڈالر سالانہ بتائی گئی ہے، جس میں تھینکس گیونگ پریڈ کے علاوہ 4 جولائی کی آتش بازی کی تقریب بھی شامل ہے،یہ پوری رقم صرف تھینکس گیونگ پریڈ کی آمدنی نہیں ہے
تھینکس گیونگ امریکہ میں خاندان، شکرگزاری، اجتماعی خوشی اور باہمی یکجہتی کا تہوار ہے،میسیز کی پریڈ اس تہوار کے ساتھ کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات کے موسم کے آغاز کی علامت بھی بن چکی ہے،اس میں مختلف نسلوں، ثقافتوں اور ریاستوں سے تعلق رکھنے والے فنکار، اسکولوں کے مارچنگ بینڈز، براڈوے کے اداکار، رضاکار اور خاندان شریک ہوتے ہیں
پریڈ کے اختتام پر سانتا کلاز کی آمد کو خاص اہمیت حاصل ہے، جو امریکہ میں کرسمس سیزن کے باقاعدہ آغاز کی علامت سمجھی جاتی ہے،یوں یہ تقریب محض ایک تجارتی ادارے کی تشہیر نہیں رہی بلکہ امریکی عوام کی مشترکہ ثقافتی یادداشت اور خاندانی روایت کا حصہ بن گئی ہے
صد سالہ پریڈ میں نئے کرداروں کے علاوہ مشہور کارٹون کردار اسنوپی کی نئی شکل جو کول (Joe Cool) بھی متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کا غبارہ 42 فٹ طویل ہے،اس سال 100 انفلٹیبلز یعنی ہوا سے بھرے بڑے غبارے اور دیگر متحرک نمائشیں شامل کرنے کا منصوبہ ہے
غباروں کی پرواز کے لیے نیویارک پولیس کے حفاظتی ضابطے بھی سخت ہیں،مسلسل ہوا کی رفتار 23 میل فی گھنٹہ سے زیادہ یا جھکڑوں کی رفتار 34 میل فی گھنٹہ سے تجاوز کرنے پر بڑے غباروں کو اڑانے کی اجازت نہیں ہوتی،1997 میں تیز ہوا کے باعث کیٹ اِن دی ہیٹ کا غبارہ ایک کھمبے سے ٹکرا گیا تھا جس سے ایک خاتون شدید زخمی ہوئی تھیں،اس واقعے کے بعد حفاظتی ضابطوں میں تبدیلی کی گئی
اس مرتبہ موسم کی شدت کے باعث پریڈ کو تھینکس گیونگ کے روز سے ہفتے تک منتقل کرنے کا فیصلہ بھی اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے،دوسری جنگ عظیم کے دوران پریڈ تین سال منسوخ ہوئی تھی، لیکن 100 سالہ تاریخ میں موسم کی وجہ سے اسے پہلے کبھی اس طرح ملتوی نہیں کیا گیا تھا
اب نیویارک کے لاکھوں شہریوں اور امریکہ بھر کے کروڑوں ٹیلی ویژن ناظرین کی نظریں ہفتہ 28 نومبر پر لگی ہیں، جب یہ تاریخی تقریب نئے غباروں، فنکاروں اور امریکی ثقافتی روایت کے ساتھ دوبارہ منعقد ہوگی






