Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

امریکی کانگریس میں اینویڈیا سربراہ کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ، جینسن ہوانگ سے پوچھ گچھ سے پہلے ایف بی آئی اور سی آئی اے کو طلب کرنے پر زور

امریکی کانگریس میں اینویڈیا سربراہ کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ، جینسن ہوانگ سے پوچھ گچھ سے پہلے ایف بی آئی اور سی آئی اے کو طلب کرنے پر زور

وشنگٹن:امریکی ریپبلکن رکن کانگریس نے اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ سے کانگریس میں پوچھ گچھ سے قبل ایف بی آئی اور سی آئی اے سے وضاحت طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے کہ انہیں چین سے ممکنہ جاسوسی اور قومی سلامتی کے خطرات کے بارے میں کیا معلومات تھیں، آیا ہوانگ کو کسی ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا گیا تھا اور امریکی حساس ٹیکنالوجی یا کاروباری معلومات تک رسائی کے حوالے سے کیا اقدامات کیے گئے تھے
پنسلوانیا سے ریپبلکن رکن کانگریس برائن فٹزپیٹرک، جو سابق ایف بی آئی ایجنٹ اور کانگریس کی انٹیلی جنس کمیٹی کے رکن بھی ہیں، کا کہنا ہے کہ جینسن ہوانگ سے سوالات کرنے سے پہلے وفاقی تحقیقاتی اداروں سے یہ معلوم کرنا ضروری ہے کہ انہیں اس معاملے کا کب علم ہوا اور انہوں نے کیا کارروائی کی،ان کے مطابق معاملے کی مکمل تحقیقات اور حقائق سامنے لائے بغیر اینویڈیا کے سربراہ کی دوبارہ تقرری سے متعلق سوالات ختم نہیں ہو سکتے
اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کے چینی روابط رکھنے والی خاتون ایلس ہوانگ کے ساتھ مبینہ تعلقات نے امریکی قومی سلامتی، مصنوعی ذہانت کی جدید ٹیکنالوجی اور چین کو حساس سیمی کنڈکٹرز کی ممکنہ منتقلی کے حوالے سے تشویش پیدا کر دی ہے،امریکی انٹیلی جنس حکام نے کانگریس کے عملے کو بریفنگ میں بتایا کہ فی الحال ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ ایلس ہوانگ چینی جاسوس یا انٹیلی جنس ایجنٹ تھیں، یا انہوں نے چین کے لیے معلومات حاصل کرنے کی غرض سے جینسن ہوانگ کے ساتھ تعلق قائم کیا تھا،تاہم اطلاعات کے مطابق تعلق قائم ہونے کے بعد انہوں نے بعض معلومات آگے پہنچائی تھیں
برائن فٹزپیٹرک کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی کو پہلے یہ واضح کرنا چاہیے کہ جینسن ہوانگ اور اینویڈیا کے متعلقہ افراد کو ممکنہ جاسوسی خطرات سے بچاؤ کے لیے کوئی خصوصی بریفنگ دی گئی تھی یا نہیں، اور اگر دی گئی تھی تو کب دی گئی،ان کے مطابق اگر کسی شخص کو ممکنہ جاسوسی کا ہدف سمجھا جائے تو حکام اسے فوری طور پر حفاظتی اقدامات سے آگاہ کر سکتے ہیں، لیکن اگر اس کے کردار پر شبہ ہو تو انٹیلی جنس ادارے مزید نگرانی اور تحقیقات بھی کر سکتے ہیں
انہوں نے سی آئی اے سے بھی وضاحت طلب کرنے پر زور دیا ہے کہ اس معاملے میں ادارے کے پاس کیا معلومات تھیں اور آیا جینسن ہوانگ یا ان کے کاروباری معاملات کسی انٹیلی جنس سرگرمی سے متعلق تھے،فٹزپیٹرک نے کہا کہ عوام کو اس معاملے پر جواب ملنا چاہیے اور تحقیقات میں کسی بھی ممکنہ پہلو کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے
کانگریس کے رکن نے اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش اور وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک کو بھی معاملے پر وضاحت کے لیے طلب کرنے کی حمایت کی ہے،ان کے مطابق اینویڈیا کی چین کو چپس کی فروخت، برآمدی پابندیوں اور امریکی حکومت کی پالیسیوں سے متعلق فیصلوں کی بنیاد سامنے آنا ضروری ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب جدید اے آئی چپس امریکی قومی سلامتی اور چین کے ساتھ ٹیکنالوجی مقابلے میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں
صدر ڈونلڈ ٹرمپ جینسن ہوانگ کی اینویڈیا کے سربراہ کے طور پر واپسی کی حمایت کر چکے ہیں، جبکہ کمپنی کے بورڈ کا مؤقف ہے کہ ان کی دوبارہ تقرری سے قومی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں،تاہم کانگریس میں بعض ریپبلکن ارکان اس فیصلے کی بنیاد، انٹیلی جنس اداروں کی معلومات اور چین سے متعلق ممکنہ خطرات کی مکمل وضاحت چاہتے ہیں
یہ معاملہ اب صرف ایک کاروباری شخصیت کے نجی تعلقات تک محدود نہیں رہا بلکہ امریکی انٹیلی جنس اداروں کی ذمہ داری، حساس ٹیکنالوجی کے تحفظ، چین کو اے آئی چپس کی فراہمی اور حکومت کی قومی سلامتی سے متعلق پالیسیوں کی جانچ کا اہم معاملہ بن چکا ہے

قومی خبریں سے مزید