مظفرگڑھ میں دو بیٹیوں کا قتل، پاکستان میں معاشرتی ٹوٹ پھوٹ اور گھریلو تشدد کی خوفناک شکل
مظفرگڑھ کے علاقے سیت پور میں ایک باپ کے ہاتھوں اپنی دو بیٹیوں کا قتل محض ایک اندوہناک فوجداری واقعہ نہیں، بلکہ اس معاشرے کے اندر بڑھتے ہوئے تشدد، عدم برداشت، محرومی، خاندانی انتشار اور انسانی رشتوں کے زوال کی ایک لرزہ خیز تصویر ہے،پولیس کے مطابق ملزم نے تیز دھار آلے سے اپنی دو بیٹیوں کو قتل کیا، خود کو اور اپنی بیوی کو زخمی کیا، اور بعد ازاں اسپتال سے اسے حراست میں لے لیا گیا،ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم بیٹے کی خواہش رکھتا تھا اور مبینہ طور پر دوسری شادی کرنا چاہتا تھا، جس پر میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا،واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے
پاکستان میں ایسے واقعات اب کسی ایک شہر، طبقے یا خاندان تک محدود دکھائی نہیں دیتے،کہیں باپ اپنے بچوں کو قتل کر دیتا ہے، کہیں بیٹے والدین کو جان سے مار دیتے ہیں، کہیں شوہر بیوی پر تشدد کرتے ہوئے اس کی زندگی ختم کر دیتا ہے، اور کہیں معمولی تنازعہ قتل کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔ یہ صورت حال اس سوال کو انتہائی سنجیدگی سے اٹھاتی ہے کہ کیا پاکستانی معاشرے میں غصے، مایوسی، محرومی اور اختلاف برداشت کرنے کی صلاحیت مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے، اور کیا ریاست اس تبدیلی کو محض پولیس اور عدالتوں کا مسئلہ سمجھ کر نظرانداز کر رہی ہے؟
معروف سماجی مفکرین کی تحقیقات اس بات کی وضاحت کرتی ہیں کہ معاشرے میں تشدد صرف انفرادی غصے یا کسی شخص کی ذہنی کیفیت سے پیدا نہیں ہوتا، بلکہ اس کے پیچھے معاشی دباؤ، سماجی ناانصافی، کمزور ادارے، عدم مساوات اور اجتماعی بے چینی جیسے عوامل بھی کارفرما ہوتے ہیں،فرانس کے معروف ماہر عمرانیات ایمیل دورخیم (Émile Durkheim) نے معاشرتی نظم و ضبط اور اجتماعی اقدار کے کمزور ہونے کی کیفیت کو Anomie کا تصور دیا، جس میں انسان اور معاشرہ مشترکہ اخلاقی ضابطوں اور سماجی بندھنوں سے دور ہونے لگتے ہیں،
امریکی ماہر عمرانیات رابرٹ مرٹن (Robert K. Merton) نے اس نظریے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے واضح کیا کہ جب معاشرہ لوگوں کے سامنے کامیابی اور خوشحالی کے اہداف رکھتا ہے، مگر ان اہداف تک پہنچنے کے جائز مواقع سب کو فراہم نہیں کرتا، تو محرومی، دباؤ اور مایوسی بعض افراد کو غیر معمولی اور تباہ کن راستوں کی طرف دھکیل سکتی ہے،ان کا نظریہ یہ نہیں کہ غربت لازماً جرم پیدا کرتی ہے، بلکہ یہ کہ سماجی ڈھانچے میں پیدا ہونے والا دباؤ انحراف اور جرائم کے امکانات بڑھا سکتا ہے
ناروے کے معروف امن محقق جوہان گالٹنگ (Johan Galtung) نے Structural Violence یعنی ساختی تشدد کا تصور پیش کیا، جس کے مطابق معاشی، سیاسی اور سماجی نظام میں موجود ناانصافیاں، غیر مساوی مواقع اور طاقت کی غیر منصفانہ تقسیم بھی انسانی زندگی کو نقصان پہنچانے والے تشدد کی صورتیں ہیں، اگرچہ ان کے پیچھے ہمیشہ کوئی ایک براہ راست حملہ آور نظر نہیں آتا
پاکستان میں بے روزگاری، مہنگائی، معاشی عدم تحفظ، سیاسی کشمکش، مسلسل عدم استحکام، انتہا پسندی، قانون کی کمزور عمل داری، بڑھتی ناخواندگی ،عدم برداشت اور خواتین کے خلاف فرسودہ رویوں کو الگ الگ مسائل سمجھنے کے بجائے ان کے باہمی تعلق کو سمجھنے کی ضرورت ہے،جب عام شہری مسلسل معاشی دباؤ میں ہو، مستقبل غیر یقینی ہو، معاشرے میں اختلاف کو دشمنی سمجھا جائے، سیاسی زبان نفرت سے بھر جائے، تشدد کو طاقت کی علامت بنایا جائے اور گھر کے اندر عورت کو برابر کا انسان تسلیم کرنے کے بجائے ملکیت یا تابع داری کی نظر سے دیکھا جائے تو اس کے اثرات خاندانی زندگی پر بھی مرتب ہوتے ہیں
تاہم یہ حقیقت اپنی جگہ انتہائی اہم ہے کہ غربت، بے روزگاری یا ذہنی دباؤ کسی شخص کو قتل کا جواز فراہم نہیں کرتے،دو معصوم بچیوں کا قتل ایک ناقابل معافی جرم ہے اور اس کی ذمہ داری قاتل ہی پر عائد ہوتی ہے،سماجی حالات کسی جرم کے پس منظر کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں، لیکن مجرم کی ذمہ داری ختم نہیں کرتے
پاکستان میں مسئلہ یہ بھی ہے کہ ریاست تشدد کے واقعات کے بعد عموماً پولیس کارروائی، گرفتاری، مقدمے اور سزا تک محدود رہتی ہے، یہ اقدامات ضروری ہیں، لیکن اس سے پہلے پیدا ہونے والے خطرات کو پہچاننے، خاندانوں میں بڑھتے تنازعات، خواتین کے خلاف تشدد، بچوں کا عدم تحفظ، ذہنی دباؤ، معاشی محرومی اور سماجی بے چینی کا سائنسی جائزہ لینے کے لیے قومی سطح کا کوئی مؤثر، مستقل اور مربوط نظام دکھائی نہیں دیتا،حکومتیں بدلتی ہیں، سیاسی ترجیحات بدلتی ہیں، لیکن معاشرے کے اندر پیدا ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کا مطالعہ کرنے اور اس کے تدارک کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی اکثر پس منظر میں چلی جاتی ہے۰
یہ سوال بھی اہم ہے کہ پاکستان میں سماجی علوم کے ماہرین، ماہرین عمرانیات، نفسیات دان، جرائم کے محققین، جامعات اور تھنک ٹینکس حکومتی پالیسی سازی میں کتنے مؤثر انداز سے شامل ہیں؟ کیا کسی ایسے قومی ادارے کے ذریعے ملک میں گھریلو تشدد، قتل، بچوں کے خلاف جرائم، خودکشیوں، منشیات، انتہا پسندی، معاشی مایوسی اور سماجی انتشار کے رجحانات کا مسلسل تجزیہ کیا جا رہا ہے، جو حکومت کو صرف اعدادوشمار نہیں بلکہ وجوہات، خطرات اور روک تھام کی تجاویز بھی دے؟ اگر ایسا کوئی کام ہو بھی رہا ہے تو اس کے نتائج عوام، پارلیمنٹ اور پالیسی سازوں تک کس حد تک پہنچ رہے ہیں؟
حکمرانوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ معاشرے میں بڑھتا تشدد صرف پولیس کی نفری بڑھانے، سخت قوانین بنانے یا چند مجرموں کو سزائیں دینے سے ختم نہیں ہوگا،اس کے لیے معاشی تحفظ، تعلیم، ذہنی صحت کی سہولتوں، خواتین کے قانونی تحفظ، بچوں کی حفاظت، خاندانی تنازعات کے بروقت حل، قانون کی غیر جانب دار عمل داری اور سیاسی و سماجی ماحول میں برداشت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،ریاست کو جامعات، سماجی سائنس دانوں، ماہرین نفسیات، جرائم کے محققین اور آزاد تھنک ٹینکس کے ساتھ مل کر ایک جامع قومی حکمت عملی بنانا ہوگی
سیت پور میں دو بچیوں کا قتل ایک گھر کے اندر ہونے والا سانحہ ضرور ہے، لیکن اس کی گونج پورے معاشرے کے لیے ایک سوال بن کر سامنے آتی ہے،جب گھر، جو بچے کے لیے تحفظ کی پہلی جگہ ہونا چاہیے، خود اس کی موت کا مقام بن جائے تو یہ صرف ایک خاندان کی تباہی نہیں، معاشرتی تحفظ کے تصور پر بھی ایک گہرا زخم ہے،دو بچیاں اب کبھی واپس نہیں آئیں گی، مگر اگر ریاست، معاشرہ اور حکمران اس واقعے کو صرف ایک اور قتل کی خبر سمجھ کر آگے بڑھ گئے تو ایسے سانحات کے روکنے کے امکانات بھی مزید کم ہوتے جائیں گے
سیت پور کے ضلع مظفرگڑھ کی شرح خواندگی تقریباً 47.1 فیصد ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں خواتین کی تعلیم کی صورت حال انتہائ کمزور ہے،سیت پور کے الگ اعدادوشمار دستیاب نہیں
معیشت زیادہ تر وہی روایتی زراعت، مزدوری اور چھوٹے کاروباروں پر انحصار کرتی ہے، جبکہ معیاری اور مستقل ملازمتوں کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہییں ، سیت پور کے سرکاری ترقیاتی منصوبے میں آئندہ منصوبہ بندی کے تحت صنعتی زون کے لیے کوئی جگہ مختص نہیں، جو صنعتی سرمایہ کاری کی کمی ظاہر کرتی ہے ، جبکہ ماڈرن سائنس ، ٹیکنالوجی سے علاقے کی اکثریت کی کوئ نسبت ہے نہ معلومات






