Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

برطانیہ میں پاکستانی نژاد 62 سالہ حاجی اصغر علی حملے میں زخمی ہونے کے چار روز بعد دم توڑ گئے، قتل کے شبے میں 35 سالہ پاکستانی نژاد ملزم گرفتار

برطانیہ میں پاکستانی نژاد 62 سالہ حاجی اصغر علی حملے میں زخمی ہونے کے چار روز بعد دم توڑ گئے، قتل کے شبے میں 35 سالہ پاکستانی نژاد ملزم گرفتار

ہیلی فیکس: برطانیہ کے شہر ہیلی فیکس میں پاکستانی نژاد 62 سالہ حاجی اصغر علی حملے میں شدید زخمی ہونے کے چار روز بعد اسپتال میں انتقال کر گئے،ویسٹ یارکشائر پولیس نے ان کی موت کے بعد واقعے کی تحقیقات قتل کے مقدمے کے طور پر شروع کر دی ہیں،پولیس نے اس حملے کے سلسلے میں 35 سالہ اویس ہارون نامی شخص کو گرفتار کرکے اس کے خلاف فردِ جرم بھی عائد کر دی ہے،ملزم کا تعلق بھی ہیلی فیکس سے بتایا گیا ہے اور وہ اس وقت پولیس کی تحویل میں ہے
یہ واقعہ 17 نومبر 2026 کو شام تقریباً 5 بجے سے کچھ دیر قبل ہیلی فیکس میں جِبٹ اسٹریٹ اور کوئینز روڈ کے چوراہے پر پیش آیا،پولیس اہلکاروں کو وہاں حاجی اصغر علی شدید زخمی حالت میں ملے،انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت انتہائی تشویشناک اور زخموں کو جان لیوا قرار دیا تھا،وہ 21 نومبر کی شام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے
ویسٹ یارکشائر پولیس کے مطابق اس واقعے سے کچھ دیر پہلے جِبٹ اسٹریٹ پر ایک دکان میں توڑ پھوڑ کی اطلاع ملی تھی،پولیس کو بتایا گیا تھا کہ دکان کی متعدد کھڑکیاں توڑ دی گئی ہیں اور دروازے کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے،پولیس اہلکار اسی واقعے کی تحقیقات کے لیے موقع پر پہنچے تو انہیں قریب ہی حاجی اصغر علی زخمی حالت میں ملے،تفتیش کار دونوں واقعات کے درمیان تعلق کی تحقیقات کر رہے ہیں
پولیس نے واقعے کی شام ہی کیلڈرڈیل کالج کے قریب سے 35 سالہ اویس ہارون کو گرفتار کیا تھا،بعد ازاں 19 نومبر کو اس کے خلاف قتل کے ارادے سے شدید جسمانی نقصان پہنچانے کی کوشش سمیت متعدد الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کی گئی،ان میں ایک پولیس افسر پر نسلی یا مذہبی بنیاد پر حملہ، املاک کو نقصان پہنچانے اور تباہ کرنے کی دھمکیاں، دکان میں توڑ پھوڑ، نسلی یا مذہبی بنیاد پر ہراساں کرنے اور خوف و پریشانی پیدا کرنے کے الزامات کے علاوہ کلاس بی اور کلاس سی منشیات رکھنے کے الزامات بھی شامل ہیں
ملزم کو بریڈفورڈ مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے مزید عدالتی کارروائی تک حراست میں رکھنے کا حکم دیا گیا،اسے 17 دسمبر کو بریڈفورڈ کراؤن کورٹ میں پیش کیا جائے گا،حاجی اصغر علی کی موت کے بعد استغاثہ اور عدالت میں ان کے خلاف عائد الزامات اور مقدمے کی نوعیت میں تبدیلی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا
اس واقعے کے حوالے سے ایک اہم پہلو یہ ہے کہ ابتدائی طور پر حملے کے مقام کے باعث مقامی مسلم کمیونٹی میں نسلی اور مذہبی نفرت کے تحت حملے کے خدشات پیدا ہوئے تھے، کیونکہ یہ واقعہ ایک مسجد کے باہر پیش آیا تھا،تاہم ویسٹ یارکشائر پولیس کے ڈیٹیکٹو انسپکٹر رچرڈ تھورنٹن نے ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر واضح کیا تھا کہ انہیں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے یہ ظاہر ہو کہ حاجی اصغر علی پر حملہ نسلی یا مذہبی نفرت کی بنیاد پر کیا گیا،پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات سے یہ بھی معلوم ہوا تھا کہ متاثرہ شخص اور مشتبہ ملزم ایک دوسرے کو جانتے تھے
یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ ملزم پر پولیس افسر کے خلاف نسلی یا مذہبی بنیاد پر حملے اور ہراسانی کے الزامات ضرور عائد کیے گئے ہیں، لیکن ان الزامات کو حاجی اصغر علی پر حملے کا محرک قرار نہیں دیا گیا،پولیس نے دونوں معاملات میں فرق واضح رکھا ہے اور مقتول پر حملے کو نفرت انگیز جرم قرار دینے کی تصدیق نہیں کی
حاجی اصغر علی کے انتقال کی خبر سے برطانیہ کی پاکستانی کمیونٹی میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے،وہ اہلیہ، چار بچوں، بھائی، چچا اور چھ پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں،مقامی افراد اور دوستوں نے انہیں خوش اخلاق، ملنسار اور دوسروں کے ساتھ محبت سے پیش آنے والی شخصیت قرار دیا ہے،ان کے لیے تعزیتی اجتماعات کا اہتمام بھی کیا گیا
ویسٹ یارکشائر پولیس کی ہومی سائیڈ اینڈ میجر انکوائری ٹیم اب حاجی اصغر علی کی موت کے حالات اور حملے سے متعلق تمام شواہد کی تحقیقات کر رہی ہے،پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس واقعے یا اس سے پہلے دکان میں ہونے والی توڑ پھوڑ کے بارے میں معلومات ہوں تو وہ کیلڈرڈیل کرائم انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کرے

قومی خبریں سے مزید