Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

نئے صوبوں کے قیام کی بحث میں چوہدری شجاعت حسین بھی متحرک، جو بول نہیں سکتے وہ بھی بول پڑے ، کیا یہ محض انتظامی ضرورت ہے یا کسی بڑے منصوبے کا حصہ؟

نئے صوبوں کے قیام کی بحث میں چوہدری شجاعت حسین بھی متحرک، جو بول نہیں سکتے وہ بھی بول پڑے ، کیا یہ محض انتظامی ضرورت ہے یا کسی بڑے منصوبے کا حصہ؟

اسلام آباد: پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث اب محض سیاسی مطالبات اور علاقائی نمائندگی تک محدود دکھائی نہیں دیتی بلکہ اس میں ان حلقوں کی دلچسپی بھی نمایاں ہونے لگی ہے جو روایتی طور پر اقتدار کے ایوانوں اور اسٹیبلشمنٹ کے قریب سمجھے جاتے ہیں،اس تناظر میں پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا نئے صوبوں کے حق میں بیان غیر معمولی سیاسی اہمیت رکھتا ہے
چوہدری شجاعت حسین کا شمار پاکستان کے ان بااثر سیاسی خاندانوں میں ہوتا ہے جن کے اسٹیبلشمنٹ سے قریبی روابط کئی دہائیوں پر محیط رہے ہیں،ان کے والد چوہدری ظہور الٰہی بھی ملکی سیاست میں ایک مضبوط اور بااثر شخصیت تھے،چوہدری شجاعت خود بھی مختلف ادوار میں اقتدار کے اہم حلقوں کا حصہ رہے ہیں،تاہم حالیہ برسوں میں ان کی عوامی سیاسی سرگرمیاں اور گفتگو انتہائی محدود ہو چکی ہے،وہ شاذونادر ہی کسی سیاسی معاملے پر براہِ راست اظہار خیال کرتے ہیں اور ان کی گفتگو بھی عام طور پر مختصر رہتی ہے،ایسے میں نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ان کا واضح مؤقف سامنے آنا محض ایک معمول کا سیاسی بیان قرار نہیں دیا جا سکتا
چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام براہِ راست عوامی سہولت سے جڑا ہوا ہے اور اس کا تعلق بہتر طرز حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملک کے مستقبل سے بھی ہے،ان کا کہنا تھا کہ انتظامی اکائیوں کو مضبوط اور بااختیار بنانا ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے،پاکستان کے سب سے بڑے شراکت دار عام شہری ہیں اور اگر آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا گیا تو آنے والا کل ہمیں معاف نہیں کرے گا
یہ بیان انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران دیا،ملاقات میں ملکی صورت حال، امن و امان کے قیام کے لیے حکومتی اقدامات اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،محسن نقوی نے کہا کہ عوام کی منشا کے مطابق فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے،انہوں نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے لیے حکومتی اقدامات سے بھی چوہدری شجاعت کو آگاہ کیا
دوسری جانب خالد اصغر گھرال نے بھی ملک میں چھوٹے صوبوں کے قیام کو ناگزیر قرار دیا ہے
تاہم اصل سیاسی سوال یہ ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کو اچانک ملنے والی یہ اہمیت محض انتظامی اصلاحات کی ضرورت کا اظہار ہے یا اس کے پیچھے کوئی وسیع تر سیاسی اور مقتدر حلقوں کی حکمت عملی بھی کارفرما ہے؟ چوہدری شجاعت حسین جیسے اسٹیبلشمنٹ کے پرانے اور قریبی سمجھے جانے والے سیاسی رہنما کا اس بحث میں سامنے آنا اس سوال کو مزید اہم بنا دیتا ہے
جو سیاسی شخصیات طویل عرصے تک خاموش رہیں، ان کی جانب سے کسی مخصوص قومی معاملے پر اچانک اظہار خیال کو سیاسی منظرنامے سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا،نئے صوبوں کی بحث میں اب یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ آیا یہ آوازیں کسی منظم سیاسی پیش رفت کا ابتدائی اشارہ ہیں یا واقعی ملک میں اختیارات کی منصفانہ تقسیم اور عوامی سہولت کے لیے سنجیدہ کوشش شروع ہو رہی ہے

قومی خبریں سے مزید