Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

چین سے بنگلہ دیش جانے والا میزائل سازی میں استعمال ہونے والے کیمیائی مادے کا جہاز انڈونیشیا میں پکڑا گیا، 405 ٹن سوڈیم پرکلوریٹ اور لاکھوں سم کارڈ برآمد

چین سے بنگلہ دیش جانے والا میزائل سازی میں استعمال ہونے والے کیمیائی مادے کا جہاز انڈونیشیا میں پکڑا گیا، 405 ٹن سوڈیم پرکلوریٹ اور لاکھوں سم کارڈ برآمد

انڈونیشیا کی بحریہ نے چین سے بنگلہ دیش کی بندرگاہ مونگلا جانے والے ایک مال بردار جہاز کو روک کر اس میں موجود 405 ٹن سوڈیم پرکلوریٹ ضبط کر لیا ہے،یہ کیمیائی مادہ راکٹوں اور میزائلوں کے ایندھن کی تیاری میں استعمال ہونے والے پروپیلنٹ کا اہم جزو ہے،انڈونیشی بحریہ کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق ضبط شدہ مقدار سے تقریباً 100 میزائلوں کے لیے درکار مواد تیار کیا جا سکتا ہے،جہاز سے لاکھوں غیر رجسٹرڈ خالی موبائل سم کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں
بنگلہ دیشی اخبار ’دی بزنس اسٹینڈرڈ‘ کے مطابق کوموروس کے پرچم تلے سفر کرنے والا مال بردار جہاز ’ایم وی اسٹار لائن‘ چین کی بندرگاہ لیانیونگانگ سے بنگلہ دیش کی مونگلا بندرگاہ جا رہا تھا،اسے 7 نومبر کو شمالی سماٹرا کے ساحلی شہر بیلوان کے قریب انڈونیشیا کی سمندری حدود میں روکا گیا،جہاز کو 8 نومبر کو مونگلا پہنچنا تھا، لیکن اس نے راستے میں غیر طے شدہ طور پر انڈونیشی پانیوں میں رکنے کی کوشش کی، جس سے بحری حکام کو شبہ ہوا
انڈونیشی بحریہ کے گشتی جہاز KRI Sigalu-857 نے جہاز کی غیر معمولی نقل و حرکت نوٹ کی اور ریڈیو کے ذریعے رابطے کی کوشش کی، لیکن جہاز کے عملے کی جانب سے جواب نہ ملنے پر اسے روک کر تلاشی لی گئی،20 نومبر کو انڈونیشیا کی بحریہ نے بیلوان میں پریس بریفنگ کے دوران ضبطی کی تفصیلات جاری کیں
تلاشی کے دوران جہاز کے 36 کنٹینروں میں سے 15 میں مجموعی طور پر 405 ٹن سوڈیم پرکلوریٹ موجود تھا،اس کے علاوہ 54 پیلیٹس پر لاکھوں خالی 4G LTE سم کارڈ بھی رکھے ہوئے تھے،بحری حکام کے مطابق جہاز کی رجسٹریشن اور سفری دستاویزات میں بھی سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں،دستاویزات میں رجسٹریشن کی مدت اکتوبر 2027 تک ظاہر کی گئی تھی، تاہم متعلقہ ریکارڈ میں جہاز کی رجسٹریشن کی حیثیت معطل درج تھی
سوڈیم پرکلوریٹ ایک طاقتور آکسیڈائزنگ کیمیکل ہے جو صنعتی مقاصد کے علاوہ راکٹ اور میزائلوں کے ٹھوس ایندھن کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے،یہ مادہ بذات خود نہ دھماکا خیز مواد ہے اور نہ ہی ایندھن، لیکن دوسرے اجزا کے ساتھ مل کر جلنے کے عمل کو تیز کرتا ہے،اسی وجہ سے بڑی مقدار میں اس کی ترسیل اور ذخیرہ کرنے کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات اور قانونی اجازت نامے ضروری ہوتے ہیں
انڈونیشیا کی بحریہ کے ریئر ایڈمرل ڈینی سپتیانا کے مطابق ضبط شدہ کیمیکل کی مقدار سے تقریباً 100 میزائلوں کے لیے پروپیلنٹ تیار کیا جا سکتا ہے،تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ سامان کس کمپنی نے بھیجا، اس کا اصل مالک کون ہے اور بنگلہ دیش میں اسے کس درآمد کنندہ یا ادارے کے حوالے کیا جانا تھا
بنگلہ دیشی اخبار کے مطابق چونکہ جہاز مونگلا بندرگاہ پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا گیا، اس لیے اس کا درآمدی جنرل مینی فیسٹ بھی سامنے نہیں آ سکا، جس میں عام طور پر سامان کے خریدار اور درآمد کنندہ کی شناخت درج ہوتی ہے،انڈونیشی حکام جہاز کے عملے، سامان کی دستاویزات اور کیمیائی مادے کی ترسیل کے قانونی جواز کی تحقیقات کر رہے ہیں
اس واقعے نے خطے میں ایک اہم سوال کھڑا کر دیا ہے کہ چین سے بنگلہ دیش بھیجے جانے والے اتنی بڑی مقدار میں میزائل سازی سے متعلق کیمیائی مادے کا اصل مقصد کیا تھا،تاہم اب تک کسی سرکاری ادارے نے یہ تصدیق نہیں کی کہ یہ سامان بنگلہ دیش کے کسی میزائل پروگرام کے لیے بھیجا جا رہا تھا یا اس کا کوئی اور صنعتی استعمال مقصود تھا،اسی طرح چین یا بنگلہ دیش کی جانب سے بھی اس کھیپ کے بارے میں کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی
انڈونیشیا کی بحریہ نے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک سامان کے خریدار، ترسیل کے ذمہ داروں اور ممکنہ خلاف ورزیوں کے بارے میں حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا

قومی خبریں سے مزید