بھارت میں کانگریس کی میٹا کے خلاف مزید احتجاج کی دھمکی، پولیس سے جھڑپوں کے بعد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بحالی کا مطالبہ
نئی دہلی: بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے یوتھ ونگ نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے خلاف مزید احتجاجی مظاہروں کی دھمکی دی ہے،یہ اعلان جمعے کو کمپنی کے بھارت میں واقع دفاتر کے باہر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے،کانگریس کے کارکن میٹا کی جانب سے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے بعض انسٹاگرام اکاؤنٹس اور پوسٹس محدود یا ہٹائے جانے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے حیدرآباد، ممبئی اور گروگرام میں میٹا کے دفاتر کا رخ کیا،مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ پارٹی رہنماؤں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بحال کیے جائیں اور ان کی پوسٹس پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں،احتجاج کے دوران پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں،میٹا نے جمعے کے ان غیر معمولی مظاہروں پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا
رپورٹ کے مطابق دو رہنماؤں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بحال کر دیے گئے ہیں، تاہم متعدد دیگر اکاؤنٹس اور مواد پر پابندیاں برقرار ہیں،کانگریس کا الزام ہے کہ میٹا اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم آن لائن اختلافِ رائے کو محدود کر رہے ہیں اور ان کی کارروائیوں سے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کو فائدہ پہنچ رہا ہے
بھارت میں سوشل میڈیا مواد ہٹانے کے حکومتی احکامات اور آزادی اظہار کے تحفظ پر بحث شدت اختیار کر رہی ہے،مودی حکومت کا مؤقف ہے کہ مواد صرف اسی صورت میں ہٹانے کا حکم دیا جاتا ہے جب وہ مقامی قوانین کی خلاف ورزی کرے، عوامی تحفظ کے لیے خطرہ بنے یا قومی سلامتی کو متاثر کر سکتا ہو
میٹا کا کہنا ہے کہ وہ بھارت میں مقامی قوانین کی پابندی کے لیے بعض مواد محدود کرتی ہے،کمپنی نے 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران بھارت میں 54 لاکھ سے زیادہ مواد کے آئٹمز پر پابندیاں عائد کیں،بھارت میٹا کے لیے صارفین کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے
کانگریس کی جانب سے مزید احتجاج کی دھمکی ایسے وقت سامنے آئی ہے جب بھارت میں سوشل میڈیا کمپنیوں کے مواد ہٹانے کے فیصلوں، حکومتی دباؤ اور سیاسی اختلافِ رائے کی آن لائن آزادی کے بارے میں سوالات بڑھ رہے ہیں






