عدالت نے پیپلز پارٹی کی رکن پارلیمنٹ کی سزا میں کمی کردی
بینکاک: تھائی لینڈ کی اپیل کورٹ نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے بادشاہت کی توہین کے الزام میں اپوزیشن کی رکن پارلیمنٹ روکچانون سری نورک کی سزا برقرار رکھتے ہوئے قید کی مدت 6 سال سے کم کرکے 3 سال کر دی ہے
پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی روکچانون پر ابتدا میں شاہی خاندان کی توہین سے متعلق قانون اور کمپیوٹر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمات قائم کیے گئے تھے،انہیں 2023 میں سوشل میڈیا پر دو پوسٹس کی بنیاد پر مجرم قرار دیتے ہوئے 6 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی
عدالت نے پیر کو جاری بیان میں کہا کہ ایک پوسٹ کے حوالے سے سزا برقرار رکھی گئی ہے، تاہم دوسری پوسٹ سے متعلق الزامات ناکافی بنیادوں پر ختم کر دیے گئے ہیں،اسی فیصلے کے نتیجے میں ان کی سزا نصف ہو کر 3 سال رہ گئی،عدالت کے مطابق باقی سزا شاہی خاندان کی توہین سے متعلق قانون کے تحت دی گئی ہے، جس میں کمپیوٹر کرائم ایکٹ کے مقابلے میں زیادہ سخت سزائیں مقرر ہیں
سماعت کے موقع پر روکچانون کے ساتھ ان کی جماعت کے کئی ارکان بھی موجود تھے،عدالت کے باہر حامیوں نے ان کا استقبال کیا اور انہیں سرخ گلاب پیش کیے
پیپلز پارٹی کے سربراہ نتھاپونگ رینگ پنیایوت نے کہا کہ عدالت نے ایک پوسٹ سے متعلق الزامات ناکافی شواہد کی بنیاد پر ختم کیے ہیں،ان کے مطابق پارٹی اس فیصلے کے خلاف مزید اپیل کرے گی






