Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

شہباز شریف 30 نومبر کو روس کے پہلے سرکاری دورے پر جائیں گے، پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی اور توانائی سرمایہ کاری پر بات ہوگی

شہباز شریف 30 نومبر کو روس کے پہلے سرکاری دورے پر جائیں گے، پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی اور توانائی سرمایہ کاری پر بات ہوگی

وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر کو روس کے اپنے پہلے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ 3 روز قیام کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا اور توانائی، دفاع، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنا ہے وزیراعظم اس دورے کے بعد ایران جائیں گے جہاں 3 اور 4 دسمبر کو اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 18ویں سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے
وزیراعظم آفس کے ایک ذریعے کے مطابق ماسکو میں صدر پیوٹن سے ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون خاص طور پر زیر بحث آئے گا پاکستان کو تیل اور گیس کے شعبوں میں روسی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، جبکہ دفاعی تعاون، دوطرفہ تجارت اور خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورت حال بھی مذاکرات کا حصہ ہوں گے پاکستان کی صنعتی ترقی میں روس کے کردار اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر بھی بات چیت متوقع ہے
اس دورے کا ایک اہم موضوع پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی ہوگا کراچی میں قائم یہ صنعتی ادارہ ماضی میں روسی تعاون سے قائم کیا گیا تھا، لیکن برسوں سے بدانتظامی، مالی بحران، سیاسی مداخلت اور ناقص حکومتی فیصلوں کے باعث اپنی پیداواری صلاحیت کھو چکا ہے پاکستان اور روس اس ادارے کو دوبارہ فعال بنانے کے امکانات کا جائزہ لے سکتے ہیں روسی تعاون سے اس کی بحالی پاکستان کے صنعتی شعبے کے لیے اہم پیش رفت ہو سکتی ہے، تاہم اس کے لیے صرف معاہدے کافی نہیں ہوں گے بلکہ شفاف انتظام، جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور مستقل حکومتی پالیسی بھی ضروری ہوگی
پاکستان اسٹیل ملز کی بندش محض ایک صنعتی ادارے کا نقصان نہیں بلکہ قومی وسائل، روزگار اور صنعتی خودمختاری کے حوالے سے بھی ایک بڑا سوال ہے ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندان اس بحران سے متاثر ہوئے، جبکہ ملک کو اپنی صنعتی ضروریات پوری کرنے کے لیے درآمدات پر انحصار کرنا پڑا اگر روس کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں اس ادارے کی بحالی کا راستہ نکلتا ہے تو حکومت کو یہ بھی واضح کرنا ہوگا کہ ماضی کی بدانتظامی اور ناکامیوں کے ذمہ داروں کا احتساب کیسے ہوگا اور مستقبل میں ادارے کو سیاسی مداخلت سے کیسے محفوظ رکھا جائے گا
روس کے دورے کے بعد وزیراعظم تہران میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے اس تنظیم کے 10 رکن ممالک کے سربراہان اور نمائندے علاقائی تجارت، رابطوں کے نظام، توانائی، ٹرانسپورٹ، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے پاکستان کے لیے یہ اجلاس اس لیے بھی اہم ہے کہ ملک 2026 سے 2027 کے لیے تنظیم کی صدارت سنبھالنے والا ہے
اقتصادی تعاون تنظیم میں پاکستان کے علاوہ ترکی، ایران، افغانستان، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ یہ خطہ قدرتی وسائل، توانائی، زرعی پیداوار اور تجارتی راستوں کے اعتبار سے بڑی اہمیت رکھتا ہے اگر رکن ممالک کے درمیان زمینی رابطے، ریلوے، بندرگاہوں اور سرحدی تجارت کو بہتر بنایا جائے تو خطے کے اندر تجارت اور سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے
پاکستان کے لیے ایران اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، لیکن افغانستان کی صورت حال، سرحدی کشیدگی، علاقائی عدم استحکام اور بنیادی ڈھانچے کی کمزوری ان امکانات کی راہ میں رکاوٹ ہیں اسی طرح پاکستان میں پالیسیوں کا عدم تسلسل، توانائی کی بلند قیمت اور کاروباری غیر یقینی بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کرتی ہے
وزیراعظم کے روس اور ایران کے دورے پاکستان کے لیے سفارتی اور معاشی اعتبار سے اہم مواقع فراہم کر سکتے ہیں تاہم اصل کامیابی دوروں، ملاقاتوں اور مشترکہ اعلامیوں سے نہیں بلکہ عملی معاہدوں، سرمایہ کاری، صنعتی پیداوار، روزگار اور تجارت میں اضافے سے ناپی جائے گی پاکستان کو اب ایسے وعدوں سے آگے بڑھنا ہوگا جن کا اعلان تو ہر دور حکومت میں ہوتا ہے لیکن عام شہری کو ان کے نتائج نظر نہیں آتے۔ روسی تعاون سے اسٹیل ملز کی بحالی اور ای سی او کے ذریعے علاقائی تجارت میں اضافہ اسی وقت معنی خیز ہوگا جب حکومت ان منصوبوں کو شفاف طریقے سے مکمل کرے اور ان کے فوائد ملک کے عوام تک پہنچائے

قومی خبریں سے مزید