Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

چھ سال کے بچوں کو فارمولا ون کا اسٹار بنانے کے لیے والدین لاکھوں ڈالر خرچ کرنے لگے، امریکہ میں کم عمر بچوں کی کار ریسنگ نئی مہنگی صنعت بن گئی

چھ سال کے بچوں کو فارمولا ون کا اسٹار بنانے کے لیے والدین لاکھوں ڈالر خرچ کرنے لگے، امریکہ میں کم عمر بچوں کی کار ریسنگ نئی مہنگی صنعت بن گئی

واشنگٹن: امریکہ میں فارمولا ون (F1) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے ایک نیا رجحان پیدا کردیا ہے،دولت مند والدین اپنے چھوٹے بچوں کو مستقبل کا فارمولا ون ڈرائیور بنانے کے لیے لاکھوں ڈالر خرچ کررہے ہیں،بعض خاندان چھ سال کی عمر سے بچوں کو کار ریسنگ کی تربیت دلانا شروع کردیتے ہیں، جبکہ کچھ والدین اپنے بچوں کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے گھر، شہر اور حتیٰ کہ ملک تک تبدیل کررہے ہیں
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں بچوں کی کارٹنگ (Karting) کے لیے نجی ریسنگ کلبوں اور تربیتی مراکز کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے،کارٹنگ وہ ابتدائی مرحلہ ہے جہاں بچے چھوٹی ریسنگ گاڑیاں چلا کر رفتار، گاڑی پر کنٹرول، موڑ کاٹنے اور مقابلے کی بنیادی تربیت حاصل کرتے ہیں،فارمولا ون تک پہنچنے کے خواہش مند بچوں کے لیے اسے ابتدائی سیڑھی سمجھا جاتا ہے
رپورٹ کے مطابق بعض خاندان بچوں کی ریسنگ پر سالانہ 12 ہزار سے 80 ہزار ڈالر تک خرچ کررہے ہیں، جبکہ انتہائی مہنگے اور پیشہ ورانہ مقابلوں میں ایک سیزن کا خرچ 300 ہزار ڈالر تک پہنچ سکتا ہے،بچوں کی تربیت، کوچنگ، گاڑیوں کے مکینک، ٹائر، ایندھن، حفاظتی لباس، ریسنگ فیس اور بین الاقوامی سفر اس اخراجات میں شامل ہیں،ابتدائی کارٹنگ سے لے کر فارمولا ون تک پہنچنے کے پورے سفر پر بعض اندازوں کے مطابق 8 ملین ڈالر تک خرچ آسکتا ہے
کولوراڈو کے علاقے ایسپن سے تعلق رکھنے والی 10 سالہ لینڈری ڈوناہیو اس نئی نسل کی ایک مثال ہے،وہ چھ سال کی عمر سے کارٹنگ کررہی ہے اور اس کا خواب فارمولا ون میں مقابلہ کرنا اور چیمپئن بننا ہے،اس کے والد نک ڈوناہیو کے مطابق وہ اپنی بیٹی کے اس خواب پر تقریباً 80 ہزار ڈالر سالانہ خرچ کررہے ہیں،خاندان نے اس کے لیے باقاعدہ کوچ اور مکینک بھی رکھا ہوا ہے
فلوریڈا میں ایک نیا نجی موٹر اسپورٹس کلب بھی اس بڑھتی ہوئی صنعت کی مثال ہے، جس کی تعمیر اور توسیع کے منصوبے پر پانچ برس میں 200 ملین ڈالر خرچ کیے جانے کا منصوبہ ہے،600 ایکڑ سے زیادہ رقبے پر مشتمل اس منصوبے میں بچوں کی تربیت، ریسنگ ٹریکس، مکینکس اور دیگر خصوصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی،اس کلب کی ابتدائی رکنیت کی فیس تقریباً 200 ہزار ڈالر رکھی گئی ہے
نیویارک کے علاقے کیٹسکلز میں واقع مونٹیسیلو موٹر کلب میں بچوں کی کارٹنگ کی بکنگ 2024 کے مقابلے میں 84 فیصد بڑھ چکی ہے،کلب انتظامیہ کے مطابق دو سال پہلے ہفتے کے اختتام پر چند بچے ریسنگ کے لیے آتے تھے، لیکن اب صورت حال بالکل مختلف ہے اور خاندان اپنے بچوں کو مستقبل کا فارمولا ون ڈرائیور بنانے کے لیے بڑی تعداد میں یہاں آرہے ہیں
اس دوڑ میں بعض خاندانوں نے بچوں کی تربیت کے لیے مستقل طور پر یورپ منتقل ہونے کا فیصلہ بھی کیا ہے،میامی سے تعلق رکھنے والے 11 سالہ جوش برگمین کا خاندان 2025 میں اٹلی منتقل ہوگیا تاکہ وہ یورپ کے معروف ریسنگ مراکز میں تربیت حاصل کرسکے،جوش اب ریڈ بل جونیئر ٹیم کا حصہ ہے اور ہفتے میں چار دن کارٹنگ کی مشق کرتا ہے،اس کی تعلیم گھر پر جاری ہے تاکہ ریسنگ کے لیے زیادہ وقت مل سکے
تاہم اس مہنگے کھیل میں صرف پیسہ کامیابی کی ضمانت نہیں،ماہرین کے مطابق فارمولا ون تک پہنچنے کے لیے غیر معمولی صلاحیت، مسلسل تربیت، بہترین کوچنگ، نظم و ضبط اور کئی برسوں کی محنت درکار ہوتی ہے،بچوں کو تیز رفتار گاڑیاں چلانے کے دوران شدید چوٹوں کا خطرہ بھی لاحق رہتا ہے،بعض ماہرین اس عمر میں بچوں کو انتہائی سخت مقابلے کی تربیت دینے پر تحفظات رکھتے ہیں اور خبردار کرتے ہیں کہ والدین کے خواب کہیں بچوں کے اپنے بچپن، تعلیم اور خوشیوں پر غالب نہ آجائیں
فارمولا ون اب صرف یورپ کا ایک مقبول موٹر اسپورٹس مقابلہ نہیں رہا بلکہ امریکہ میں بھی ایک بڑی تجارتی اور ثقافتی صنعت بن چکا ہے،نیٹ فلکس کی سیریز ’ڈرائیو ٹو سروائیو‘ سمیت مختلف عوامل نے اس کھیل میں امریکی دلچسپی بڑھائی ہے،اس مقبولیت کے نتیجے میں بچوں کی کارٹنگ بھی ایک مہنگے کاروبار میں تبدیل ہورہی ہے، جہاں بعض والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے ایسی سرمایہ کاری کررہے ہیں جس کی مالیت کئی خاندانوں کی پوری زندگی کی جمع پونجی سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے
رپورٹ کا بنیادی سوال یہی ہے کہ کیا فارمولا ون کا خواب واقعی غیر معمولی صلاحیت رکھنے والے بچوں کے لیے مواقع پیدا کررہا ہے یا یہ کھیل بھی آہستہ آہستہ امیر خاندانوں کی ایسی دوڑ بنتا جارہا ہے جہاں ٹیلنٹ کے ساتھ دولت اور وسائل بھی فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں؟
فارمولا ون دنیا کی اعلیٰ ترین اور مہنگی ترین موٹر ریسنگ ہے، جس میں ایک نشست والی انتہائی طاقتور اور جدید ترین گاڑیاں مخصوص ریسنگ ٹریکس پر ایک دوسرے سے مقابلہ کرتی ہیں،اس کھیل کی باقاعدہ عالمی چیمپئن شپ 1950 میں برطانیہ کے سلورسٹون ٹریک سے شروع ہوئی،ان گاڑیوں کی سائنس عام کاروں سے بالکل مختلف ہے،ان کے انجن، ایروڈائنامکس، ہوا کے دباؤ، ٹائروں، بریکوں اور کمپیوٹرائزڈ نظام کو اس طرح تیار کیا جاتا ہے کہ گاڑی 370 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار حاصل کرسکے اور انتہائی تیز موڑ پر بھی سڑک سے چپکی رہے
اس کھیل کا مقصد صرف تیز گاڑی چلانا نہیں بلکہ ڈرائیور کی مہارت، جسمانی برداشت، فوری فیصلے اور انجینئرنگ کی بہترین صلاحیت کا امتحان بھی ہے،ہر سال مختلف ملکوں میں ریسیں ہوتی ہیں اور سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والا ڈرائیور عالمی چیمپئن بنتا ہے،یہ اعزاز حاصل کرنے والا کھلاڑی دنیا کے چند بہترین موٹر ریسنگ ڈرائیوروں میں شمار ہوتا ہے، اسے عالمی شہرت، بڑے مالی معاہدے، اشتہارات اور کروڑوں ڈالر کی آمدنی کے مواقع مل سکتے ہیں،اس کھیل سے گاڑیوں کی حفاظت، انجن، توانائی کی بچت اور جدید ٹیکنالوجی کی ترقی میں بھی مدد ملتی ہے
فارمولا ون کی تاریخ میں 1950 سے 2023 تک ہونے والے حادثات کے ایک طبی تحقیقی مطالعے کے مطابق 865 ڈرائیوروں کے ریکارڈ میں 264 زخمی ہونے کے واقعات اور 43 اموات درج کی گئیں،یعنی اس تاریخی ریکارڈ میں تقریباً 5 فیصد ڈرائیوروں کی اموات رپورٹ ہوئیں، لیکن یہ کسی ایک ریس یا موجودہ دور کا خطرہ نہیں بلکہ 73 سال کا مجموعی ریکارڈ ہے
1950، 1960 اور 1970 کی دہائیوں میں حفاظتی انتظامات انتہائی کمزور تھے اور اموات زیادہ ہوتی تھیں
2014 کے جاپانی گراں پری میں جولز بیانکی کے مہلک حادثے کے بعد سے اب تک کسی فارمولا ون عالمی چیمپئن شپ ویک اینڈ پر ڈرائیور کی موت نہیں ہوئی
2020 میں رومین گروژاں کی گاڑی خوفناک آگ کی لپیٹ میں آگئی، لیکن وہ زندہ بچ گئے،جدید حفاظتی نظام، کاربن فائبر کا مضبوط حفاظتی ڈھانچہ، خصوصی ہیلمٹ اور ڈرائیور کے سر کے اوپر نصب حفاظتی حصار (Halo) نے خطرات کم کیے ہیں
تحقیق میں 80 فریکچرز، 37 سر کی چوٹوں اور 20 جلنے کے واقعات بھی درج ہیں،مستقل معذوری اختیار کرنے والے ڈرائیوروں کی الگ مستند مجموعی تعداد دستیاب نہیں
آج فارمولا ون پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ محفوظ ہے، لیکن 300 سے 370 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر حادثے کا خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوجاتا

قومی خبریں سے مزید