Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

غزہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں زہریلے ماحولیاتی بحران کی لپیٹ میں، آلودہ پانی، زمین اور ہوا فلسطینیوں کی نسلوں کے لیے خطرہ بن گئے

غزہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں زہریلے ماحولیاتی بحران کی لپیٹ میں، آلودہ پانی، زمین اور ہوا فلسطینیوں کی نسلوں کے لیے خطرہ بن گئے

غزہ میں اسرائیلی فوج کی تباہ کن کارروائیوں نے نہ صرف عمارتوں، اسپتالوں اور بنیادی ڈھانچے کو کھنڈرات میں تبدیل کیا ہے ،بلکہ پورے علاقے کے ماحول کو بھی شدید آلودگی سے دوچار کردیا ہے،ماہرین کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق غزہ میں زہریلے مادوں، آلودہ پانی، تباہ شدہ عمارتوں سے نکلنے والے ملبے، بھاری دھاتوں، بارودی مواد کی باقیات اور سیوریج نے انسانی زندگی کے بنیادی وسائل کو خطرناک بنا دیا ہے، جس کے اثرات آنے والی نسلوں تک برقرار رہ سکتے ہیں
آکسفیم اور کنفلکٹ اینڈ انوائرنمنٹ آبزرویٹری (Ceobs) کی مشترکہ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں غزہ کے تقریباً پورے علاقے میں ماحولیاتی آلودگی پھیل چکی ہے،تباہ شدہ عمارتوں میں موجود ایسبیسٹس، بھاری دھاتیں، دھماکہ خیز مواد کی باقیات اور سیوریج نے زمین، پانی اور فضا کو انسانی صحت کے لیے خطرناک بنا دیا ہے
رپورٹ کے مطابق اس آلودگی سے فلسطینیوں کی صحت، خوراک، صاف پانی اور محفوظ رہائش کے بنیادی ذرائع شدید متاثر ہوئے ہیں،ماہرین کا کہنا ہے کہ ملبے کی صفائی، آلودہ زمین کی بحالی اور پانی کے ذخائر کو دوبارہ محفوظ بنانے میں طویل عرصہ لگ ​​سکتا ہے، جبکہ زہریلے مادوں سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور صحت کے خطرات کئی دہائیوں تک برقرار رہنے کا خدشہ ہے
آکسفیم انٹرنیشنل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر امیتابھ بہار نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جاری کارروائیوں میں ماحول کو بھی فوجی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایسے ماحولیاتی جرائم سامنے آئے ہیں جو موجودہ اور آنے والی نسلوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ ہیں
انہوں نے کہا کہ غزہ کی تباہی اور ماحولیاتی آلودگی نے انسانی تحفظ اور بقا کے لیے ضروری ماحول کو بنیادی طور پر تباہ کردیا ہے اور یہ بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کے قوانین کے تحت اسرائیل کی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی ہے
رپورٹ میں اس خدشے پر بھی زور دیا گیا ہے کہ غزہ کے رہائشی زہریلے مادوں کے مسلسل رابطے میں رہیں گے، کیونکہ جنگ سے تباہ ہونے والے بنیادی ڈھانچے، پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کی بحالی کے بغیر ماحولیاتی خطرات سے نکلنا ممکن نہیں ہوگا،اس تباہی کے اثرات صرف موجودہ آبادی تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ غزہ میں آنے والی نسلوں کی صحت، زندگی اور ماحول پر بھی گہرے اثرات مرتب کرسکتے ہیں،خطے سے واقف سماجی ایشوز کے ماہرین کا خیال ہے غزہ کو اس صورت حال سے دوچار ایک طے شدہ حکمت عملی کے تابع کیا ، جس کی کامیابی کے نتیجے میں اب غزہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کو خالی کرانے میں آسانی ممکن ہوگی

قومی خبریں سے مزید