Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

پاکستان میں سرمایہ کاری کی کمی سرمائے کا نہیں، حکومتی پالیسیوں، عدالتی کمزوری اور معاشی بے یقینی کا نتیجہ

پاکستان میں سرمایہ کاری کی کمی سرمائے کا نہیں، حکومتی پالیسیوں، عدالتی کمزوری اور معاشی بے یقینی کا نتیجہ

پاکستان میں کاروبار اور معیشت کی ترقی میں رکاوٹوں کا ذکر ہو تو عموماً سرمایہ اور قرضوں تک محدود رسائی کو بنیادی مسئلہ قرار دیا جاتا ہے اسٹیٹ بینک کے گورنر بھی گزشتہ سال یہ مؤقف اختیار کرچکے ہیں کہ ملک میں سرمایہ کاری کی کمی کا براہ راست تعلق لوگوں کی کم بچت سے ہے لیکن معاشی اعدادوشمار اس تصور پر سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی بڑی اور منافع بخش کمپنیاں سرمائے کی کمی کا شکار نہیں بلکہ ان کے پاس موجود رقم کو ملک کے اندر دوبارہ سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے اعتماد اور سازگار حالات موجود نہیں
گزشتہ 2 دہائیوں کے دوران حکومتوں نے غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر کوششیں کیں حکومتی وفود بیرون ملک گئے، مختلف ممالک کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، سرمایہ کاروں کو ٹیکس مراعات اور خصوصی سہولتیں دی گئیں اور منظوریوں کے لیے تیز رفتار انتظامی راستے بنائے گئے اس کے باوجود نتائج انتہائی مایوس کن رہے
2006 سے 2025 کے دوران پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری مجموعی قومی پیداوار (GDP) کے اوسطاً ایک فیصد سے بھی کم رہی، جبکہ عالمی اوسط 2.6 فیصد ہے یعنی پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے کے معاملے میں دنیا کے کمزور ترین ممالک میں شامل رہا
ملک کے اندر بھی سرمایہ کاری کی صورتحال مختلف نہیں۔ 2005 سے 2025 کے دوران پاکستان میں مجموعی سرمایہ کاری GDP کے اوسطاً صرف 15.7 فیصد رہی، جبکہ کم متوسط آمدنی والے ممالک میں یہ اوسط 29.8 فیصد تھی دنیا کے 168 ممالک میں صرف 8 ممالک کی سرمایہ کاری پاکستان سے کم رہی نجی شعبے کی سرمایہ کاری حالیہ برسوں میں GDP کے تقریباً 10 فیصد تک محدود رہی ہے
حکومتوں نے گھریلو بچت بڑھانے کے لیے مختلف مالیاتی اسکیمیں متعارف کرائیں، لوگوں کو مالیاتی اداروں تک رسائی دینے کی کوشش کی، مذہبی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلامی مالیاتی نظام کو فروغ دیا اور کاروباری قرضوں کی شرح کم کرنے کے منصوبے بھی بنائے لیکن ان تمام اقدامات کے باوجود سرمایہ کاری میں کوئی بنیادی تبدیلی نہیں آسکی
اس مسئلے کی اصل نوعیت سمجھنے کے لیے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ بڑی غیر مالیاتی کمپنیوں کے منافع کا جائزہ لینا ضروری ہے اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق 2005 سے 2025 کے درمیان ان کمپنیوں نے آج کی قیمتوں کے حساب سے ٹیکس ادا کرنے کے بعد مجموعی طور پر 20.7 کھرب روپے منافع کمایا، لیکن اس میں سے 10.7 کھرب روپے سے زیادہ نقد منافع کی تقسیم یعنی ڈیویڈنڈ کی صورت میں اپنے حصص یافتگان کو واپس کردیے
اس کا مطلب ہے کہ ان کمپنیوں نے اپنے مجموعی منافع کا نصف سے زیادہ حصہ کاروبار کی توسیع، نئی مشینری، کارخانوں یا پیداواری صلاحیت بڑھانے پر خرچ کرنے کے بجائے حصص یافتگان میں تقسیم کردیا یہ رجحان کسی ایک سال تک محدود نہیں تھا بلکہ 21 میں سے 15 برس ایسے تھے جب کمپنیوں نے اپنے منافع کا نصف سے زیادہ حصہ تقسیم کیا۔ صرف مالی سال 2025 میں کمپنیوں نے 500 ارب روپے منافع کی صورت میں ادا کیے
کچھ شعبوں میں یہ شرح مزید بلند رہی غذائی صنعت میں کمپنیوں نے اپنے منافع کا 63 فیصد، گاڑیوں کی صنعت نے 59 فیصد، دیگر مینوفیکچرنگ کمپنیوں نے 59 فیصد اور کیمیکل کمپنیوں نے 57 فیصد حصہ حصص یافتگان میں تقسیم کیا
یہ اعدادوشمار ایک بنیادی حقیقت سامنے لاتے ہیں کہ پاکستان کی بڑی کمپنیوں کے پاس سرمایہ موجود ہے، لیکن وہ اسے ملک کے اندر مزید پیداواری سرمایہ کاری میں لگانے کے لیے تیار نہیں مسئلہ صرف پیسے کی دستیابی کا نہیں بلکہ اس ماحول کا ہے جس میں کاروباری ادارے مستقبل کے منافع اور اپنے سرمایہ کی حفاظت کے بارے میں یقین حاصل نہیں کرپاتے
یہ بھی درست نہیں کہ زیادہ منافع تقسیم کرنے والی کمپنیاں کمزور یا مالی مشکلات کا شکار ہیں نجی شعبے کی سب سے زیادہ منافع کمانے والی 20 فیصد کمپنیوں نے تمام نجی کمپنیوں کے مجموعی منافع کا 83 فیصد حاصل کیا، لیکن انہوں نے بھی اپنے منافع کا 54 فیصد حصص یافتگان میں تقسیم کردیا غیر ملکی کثیرالقومی کمپنیوں کی مقامی شاخوں نے تو اپنے منافع کا 68 فیصد حصہ تقسیم کیا اس کا مطلب ہے کہ ایک طرف حکومت نئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دے رہی ہے، دوسری طرف ملک میں پہلے سے موجود غیر ملکی کمپنیوں کے منافع کا بڑا حصہ بیرون ملک منتقل ہورہا ہے
یہاں یہ سمجھنا ضروری ہے کہ منافع کی تقسیم بذات خود کوئی غلط عمل نہیں۔ سرمایہ کار اپنے منافع میں حصہ لینے کا حق رکھتے ہیں تاہم کمپنیوں کے فیصلے اس بات سے بھی متاثر ہوتے ہیں کہ انہیں مستقبل میں کاروبار بڑھانے اور نئی سرمایہ کاری سے کتنا فائدہ حاصل ہونے کی توقع ہے
2000 میں جرنل آف فنانس میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں 33 ممالک کی 4 ہزار کمپنیوں کا جائزہ لیا گیا تھا اس تحقیق کے مطابق ایسے ممالک جہاں قانون کی حکمرانی اور معاہدوں کا تحفظ بہتر ہو، وہاں تیزی سے ترقی کرنے والی کمپنیاں اپنے منافع کا کم حصہ تقسیم کرکے زیادہ سرمایہ کاری کرتی ہیں پاکستان میں اس کے برعکس منافع کی بھاری تقسیم اس بات کی علامت ہے کہ کمپنیوں کو مستقبل میں کاروبار بڑھانے کے خاطر خواہ مواقع نظر نہیں آرہے
اس کی دو بڑی وجوہات ہیں پہلی وجہ معاشی عدم استحکام ہے پاکستان کی معیشت ہر چند سال بعد تیزی اور بحران کے ایک نئے چکر میں داخل ہوجاتی ہے۔ ملک اس وقت اپنے 24ویں آئی ایم ایف پروگرام میں ہے بار بار بدلتی ہوئی معاشی پالیسیاں، روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ، مہنگائی، ٹیکسوں میں غیر یقینی تبدیلیاں اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ کاروباری اداروں کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی مشکل بناتے ہیں
ایک کمپنی اگر نئی فیکٹری، مشینری یا پیداواری یونٹ پر اربوں روپے خرچ کرتی ہے تو اسے اپنی سرمایہ کاری کا فائدہ کئی برسوں میں حاصل ہوتا ہے لیکن جب اسے یقین نہ ہو کہ اگلے سال ٹیکس پالیسی کیا ہوگی، بجلی اور گیس کی قیمتیں کتنی بڑھیں گی، درآمدی پابندیاں لگیں گی یا نہیں اور حکومتی قواعد کب تبدیل ہوجائیں گے تو وہ نئی سرمایہ کاری سے گریز کرتی ہے
دوسری بڑی وجہ عدالتی نظام اور اداروں کی کمزوری ہے۔ ورلڈ جسٹس پروجیکٹ کے 2025 کے قانون کی حکمرانی کے انڈیکس میں پاکستان 143 ممالک میں 130ویں نمبر پر رہا۔شہری انصاف کے شعبے میں پاکستان 129ویں اور حکومتی ضابطوں پر عمل درآمد کے معاملے میں 127ویں نمبر پر تھا
کاروبار صرف سرمایہ اور مشینری سے نہیں چلتا بلکہ اسے سپلائرز، خریداروں، بینکوں، ٹھیکیداروں اور دیگر اداروں کے ساتھ طویل مدتی معاہدوں کی ضرورت ہوتی ہے اگر معاہدے کی خلاف ورزی پر فوری اور غیر جانبدارانہ انصاف نہ ملے، عدالتی مقدمات برسوں چلتے رہیں اور قوانین کا اطلاق سب پر یکساں نہ ہو تو سرمایہ کار کے لیے کاروبار کو وسعت دینا خطرناک ہوجاتا ہے
اس صورتحال میں حکومت کی سرمایہ کاری پالیسی بھی سوالات کی زد میں ہے۔ 2023 میں قائم کیے گئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کو مختلف منصوبوں کے لیے قواعد میں نرمی اور منظوریوں میں سہولت دینے کے اختیارات حاصل ہیں بظاہر اس کا مقصد سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں دور کرنا ہے، لیکن مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب عام قوانین کے بجائے مخصوص سرمایہ کاروں یا منصوبوں کے لیے الگ الگ فیصلے کیے جائیں
ایسا نظام کاروباری اداروں کے لیے پالیسیوں کی پیش گوئی مشکل بنا سکتا ہے اگر ایک سرمایہ کار کو خصوصی رعایت ملے اور دوسرے کو وہی سہولت نہ ملے تو کاروباری مقابلے میں برابری اور شفافیت متاثر ہوتی ہے حکومت کے اپنے اصلاحاتی ایجنڈے میں بھی خبردار کیا گیا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے اقدامات میں شفافیت کی کمی پالیسیوں کے تسلسل اور پیش گوئی کے عمل کو نقصان پہنچا سکتی ہے
پاکستان کو اب یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ہر مسئلے کا حل غیر ملکی وفود کے دوروں، سرمایہ کاری کانفرنسوں، ٹیکس مراعات اور سستے قرضوں میں تلاش کرنا درست نہیں چھوٹے کاروباروں کے لیے قرضوں تک رسائی یقیناً اہم ہے، لیکن جب ملک کی سب سے بڑی اور منافع بخش کمپنیاں بھی اپنے کمائے ہوئے اربوں روپے دوبارہ کاروبار میں لگانے کے بجائے تقسیم کررہی ہوں تو مسئلے کی جڑ کہیں زیادہ گہری ہے
اصل ضرورت ایسی معاشی پالیسی کی ہے جس میں حکومت بار بار قواعد تبدیل نہ کرے، عدالتی نظام سرمایہ کاروں اور شہریوں کو بروقت انصاف فراہم کرے، معاہدوں کا تحفظ یقینی ہو، ٹیکس کا نظام شفاف اور یکساں ہو اور سرکاری ادارے مخصوص افراد یا کمپنیوں کے بجائے قانون کے مطابق فیصلے کریں
پاکستان میں سرمایہ کاری کی بحالی کا اصل پیمانہ یہ نہیں ہونا چاہیے کہ کتنے غیر ملکی وفود آئے، کتنے معاہدوں پر دستخط ہوئے یا کتنی سرمایہ کاری کے اعلانات کیے گئے اصل سوال یہ ہے کہ پاکستان کی سب سے زیادہ منافع کمانے والی کمپنیاں اپنے اربوں روپے ملک کے اندر نئی فیکٹریاں، مشینری، روزگار اور پیداواری صلاحیت بڑھانے پر کب خرچ کرنا شروع کریں گی جب تک حکومت کاروباری اعتماد، قانون کی حکمرانی اور معاشی استحکام قائم نہیں کرتی، سرمایہ کاری کے نام پر نئے منصوبے اور کانفرنسیں محض تشہیری سرگرمیاں ہی رہیں گی

قومی خبریں سے مزید