ڈیموکریٹس کے اقتدار سنبھالتے ہی برنی سینڈرز کا بڑا منصوبہ، چار سال میں تمام امریکیوں کے لیے مفت طبی سہولتوں کی تیاری
رپورٹ آفاق فاروقی
واشنگٹن:سینیٹر اور سوشلٹ ڈیموکریٹس کے سربراہ برنی سینڈرز نے ڈیموکریٹس کے جنوری میں سینیٹ کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ملک کے نظامِ صحت میں بنیادی تبدیلیوں کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کا مرکزی نکتہ تمام امریکی شہریوں کو سرکاری طبی سہولتوں کی فراہمی یعنی Medicare for All ہے،اس منصوبے کے ذریعے سینڈرز امریکی صحت کے نظام کو بتدریج ایک ایسے نظام میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں جس کے تحت ہر شہری کو طبی سہولتیں میسر ہوں
ورمونٹ سے تعلق رکھنے والے آزاد سینیٹر برنی سینڈرز ڈیموکریٹس کے ساتھ پارلیمانی اتحاد رکھتے ہیں،وہ اس وقت سینیٹ کی صحت، تعلیم، محنت اور پنشن سے متعلق کمیٹی میں اقلیتی رکن ہیں اور جنوری میں ڈیموکریٹس کے سینیٹ کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اس کمیٹی کے چیئرمین بننے کی توقع ہے،ان کا تیار کردہ منصوبہ، جو پہلی مرتبہ ایسوسی ایٹڈ پریس کو فراہم کیا گیا، ان تجاویز پر قانون سازی کا عملی خاکہ پیش کرتا ہے جن کی حمایت سینڈرز اور ترقی پسند امیدواروں نے حالیہ انتخابی مہم کے دوران کی تھی
منصوبے کے مطابق Medicare for All کو چار سال کے عرصے میں نافذ کیا جائے گا،پہلے سال ہیلتھ کیئر کے لیے Medicare کی اہلیت کی عمر 65 سال سے کم کرکے 55 سال کرنے کی تجویز ہے،اس کے ساتھ دانتوں، بینائی اور سماعت کے علاج کو بھی کوریج میں شامل کیا جائے گا، جبکہ 18 سال تک کے تمام بچوں کے لیے طبی سہولتوں کی ضمانت دی جائے گی
سینڈرز نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ اب کوئی خیالی یا ناقابلِ حصول تصور نہیں رہا، امریکی عوام اب اسی سمت میں سوچ رہے ہیں”
یہ منصوبہ ڈیموکریٹس کے لیے ایک ابتدائی سیاسی امتحان بھی ہوگا کہ پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد ترقی پسند رہنماؤں کے ان بڑے مطالبات کو قانون سازی میں کس حد تک آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے






