Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

امریکہ کا پورا فضائی نظام اچانک بند، تمام ایئرپورٹس سے پروازیں گراؤنڈ، 22 کنٹرول مراکز کا مواصلاتی رابطہ منقطع، کیا نئے AI سسٹم کی تنصیب کے صرف تین روز بعد پیدا ہونے والا بحران محض تکنیکی خرابی ہے یا جدید ٹیکنالوجی کے لیے ایک بڑا خطرے کا انتباہ؟

واشنگٹن: امریکہ میں جمعہ 13 نومبر 2026 کو ایک غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ، جب فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے ملک بھر کے تمام پانچسو چھ ایئرپورٹس سے پروازوں کی روانگی روکنے کا حکم جاری کردیا، اس اچانک فیصلے نے امریکہ کے قومی فضائی نظام کو تقریباً مفلوج کردیا اور لاکھوں مسافروں کے سفری منصوبے غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگئے، نیویارک، واشنگٹن، شکاگو، لاس اینجلس، بوسٹن، سان فرانسسکو اور دیگر بڑے فضائی مراکز پر پروازوں کی روانگی روک دی گئی، جبکہ پہلے سے فضا میں موجود طیاروں کو حفاظتی انتظامات کے تحت اپنی منزلوں تک پہنچنے کی اجازت دی گئی
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکہ کے 22 ریجنل ایئر روٹ ٹریفک کنٹرول مراکز کے درمیان مواصلاتی نظام میں خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث طیاروں کی نقل و حرکت کی نگرانی اور فضائی رابطوں کا معمول کا نظام متاثر ہوا،ایف اے اے نے مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک گیر گراؤنڈ اسٹاپ نافذ کردیا،امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے کہا کہ تکنیکی ماہرین خرابی دور کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ وزیر ہوم لینڈ سکیورٹی مارک وین مولن نے بتایا کہ ابتدائی معلومات میں سائبر حملے یا تخریبی کارروائی کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا،حکام نے پروازوں کی بحالی کا کوئی حتمی وقت بھی نہیں دیا، جس سے ایئرلائنز اور مسافروں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے
واقعے نے اس وقت مزید اہمیت اختیار کرلی جب انکشاف ہوا کہ امریکہ نے اس بحران سے صرف تین روز قبل اپنے فضائی ٹریفک مینجمنٹ کے لیے ایک نیا مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نظام ملک کے تمام 22 فضائی کنٹرول مراکز تک توسیع دینے کا اعلان کیا تھا،اس نظام کا نام اسٹریٹیجک مینجمنٹ آف ایئر اسپیس، روٹس اینڈ ٹریجیکٹریز (SMART) ہے، جسے ایف اے اے نے 10 نومبر کو ملک گیر سطح پر پھیلانے کا فیصلہ کیا اور 11 نومبر کو اس کی توسیع کی خبر سامنے آئی،یہ نظام موسم، پروازوں کے راستوں، فضائی ٹریفک، ایئرپورٹس کی گنجائش اور دیگر تقریباً 200 ڈیٹا ذرائع کا تجزیہ کرکے فضائی ٹریفک کی منصوبہ بندی اور ممکنہ رکاوٹوں کی پیشگی نشاندہی کرتا ہے
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اب تفتیش کار اس پہلو کا بھی جائزہ لیں گے کہ آیا نئے مصنوعی ذہانت کے نظام کا اس مواصلاتی بحران سے کوئی تعلق تھا یا نہیں،تاہم ابھی تک ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا کہ AI سسٹم نے خرابی پیدا کی یا اس کی وجہ سے فضائی رابطے منقطع ہوئے،ایف اے اے کا مؤقف ہے کہ SMART طیاروں کو خود کنٹرول نہیں کرتا بلکہ انسانی فضائی ماہرین کو فیصلوں کے لیے سفارشات فراہم کرتا ہے اور حتمی اختیار ایئر ٹریفک کنٹرولرز کے پاس رہتا ہے،اس کے باوجود نئے نظام کی ملک گیر توسیع اور چند روز بعد پیدا ہونے والے بڑے بحران کے درمیان زمانی مطابقت نے اس کی آزمائش، حفاظتی جانچ اور نگرانی کے طریقہ کار پر سوالات اٹھا دیے ہیں،امریکی کانگریس کے بعض ارکان اور ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی نمائندہ تنظیم پہلے ہی اس نئے نظام کی جانچ اور عملے کی تربیت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرچکی ہے
امریکہ میں اس نوعیت کا آخری ملک گیر تکنیکی فضائی بحران 11 جنوری 2023 کو سامنے آیا تھا، جب ایف اے اے کے NOTAM کمپیوٹرائزڈ نظام میں خرابی پیدا ہوئی اور پورے ملک میں پروازوں کی روانگی روکنا پڑی،اس نظام کے ذریعے پائلٹوں کو رن وے کی بندش، موسمی خطرات اور دیگر حفاظتی اطلاعات فراہم کی جاتی ہیں،خرابی تقریباً 90 منٹ میں دور ہونا شروع ہوگئی تھی، تاہم ایک ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ اور ہزاروں تاخیر کا شکار ہوئیں،اس سے پہلے 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعد امریکہ کی پوری فضائی حدود بند کردی گئی تھیں اور فضا میں موجود 4,500 سے زیادہ طیاروں کو محفوظ طریقے سے زمین پر اتارا گیا تھا
دنیا کے دوسرے ممالک میں بھی ایسے واقعات پیش آچکے ہیں،یونان میں 4 جنوری 2026 کو ایئر ٹریفک کنٹرول کے ریڈیو مواصلاتی نظام میں غیر معمولی خرابی پیدا ہوئی جس کے باعث ایتھنز فلائٹ انفارمیشن ریجن کی فضائی حدود تقریباً آٹھ گھنٹے تک بند رہی،ریڈیو فریکوئنسیز میں مسلسل مداخلت کے باعث کنٹرولرز طیاروں سے معمول کا رابطہ برقرار نہیں رکھ سکے،یونانی حکام کی تحقیقات میں پرانے مواصلاتی نظام کو بھی خرابی کا ایک اہم عنصر قرار دیا گیا، جبکہ سائبر حملے کا ثبوت سامنے نہیں آیا
فلپائن میں یکم جنوری 2023 کو بجلی کی فراہمی اور بیک اپ پاور سسٹم میں خرابی کے باعث مرکزی ایئر ٹریفک مینجمنٹ سینٹر کا نظام بیٹھ گیا،اس کے نتیجے میں ریڈار، ریڈیو، انٹرنیٹ اور فضائی رابطے متاثر ہوئے اور ملک کی فضائی حدود میں پروازوں کی آمدورفت روکنا پڑی،فلپائن کی سینیٹ میں پیش کیے گئے سرکاری ریکارڈ کے مطابق 361 پروازیں منسوخ، تاخیر یا دوسرے ایئرپورٹس کی طرف منتقل ہوئیں اور تقریباً 65 ہزار مسافر متاثر ہوئے،نظام کی مکمل بحالی میں تقریباً 10 گھنٹے لگے
برطانیہ میں 28 اگست 2023 کو نیشنل ایئر ٹریفک سروسز کے فلائٹ پلاننگ کمپیوٹر نظام میں خرابی پیدا ہوئی،اس کے باعث ملک بھر میں پروازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی، 1,500 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئیں اور لاکھوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،اس واقعے میں برطانوی فضائی حدود مکمل طور پر بند نہیں ہوئی تھیں، لیکن پروازوں کی تعداد محدود کرنا پڑی
19 جولائی 2024 کو دنیا بھر میں ایک اور بڑا تکنیکی بحران پیدا ہوا جب سائبر سکیورٹی کمپنی CrowdStrike کے ناقص سافٹ ویئر اپ ڈیٹ نے مائیکروسافٹ ونڈوز استعمال کرنے والے کروڑوں کمپیوٹرز میں سے تقریباً 85 لاکھ نظام متاثر کردیے،امریکہ، برطانیہ، بھارت، جرمنی اور دیگر ممالک کے ایئرپورٹس پر چیک اِن، بورڈنگ، ٹکٹنگ اور پروازوں کے انتظامی نظام متاثر ہوئے،انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق دنیا بھر میں 5,000 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئیں،یہ فضائی کنٹرول کے نظام کی مکمل ناکامی نہیں تھی بلکہ کمپیوٹر سافٹ ویئر کی خرابی تھی جس نے عالمی ایئرلائنز کے آپریشنز کو شدید متاثر کیا
یورپ میں اپریل 2010 کا آئس لینڈ کا آتش فشاں بحران بھی فضائی تاریخ کا ایک بڑا واقعہ ہے، جب آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ کے بادلوں نے برطانیہ اور یورپ کے بڑے حصے کی فضائی آمدورفت معطل کردی،یوروکنٹرول کے مطابق تقریباً ایک لاکھ پروازیں منسوخ ہوئیں اور ایک کروڑ مسافر متاثر ہوئے،اسی طرح روس کے یوکرین پر حملے کے بعد 24 فروری 2022 کو یوکرین کی فضائی حدود بند کردی گئی اور جنگی خطرات کے باعث خطے میں بین الاقوامی فضائی راستوں کی بڑی تبدیلیاں کرنا پڑیں
امریکہ میں موجودہ بحران کے ساتھ AI کا تعلق ثابت ہونا ابھی باقی ہے، لیکن یہ سوال اپنی جگہ اہم ہے کہ جب دنیا کے اہم ترین فضائی نظاموں میں مصنوعی ذہانت کو تیزی سے شامل کیا جارہا ہے تو اس کے لیے حفاظتی جانچ، انسانی نگرانی، متبادل نظام اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے انتظامات کس حد تک مؤثر ہیں؟ اگر کسی ملک کا پورا فضائی نظام چند گھنٹوں کے لیے ایک مواصلاتی خرابی سے مفلوج ہوسکتا ہے تو مستقبل میں کسی نئے خودکار یا مصنوعی ذہانت کے نظام کی خرابی کے اثرات اس سے کہیں زیادہ وسیع ہوسکتے ہیں،تاہم یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ AI کی وجہ سے روزانہ ایسے واقعات شروع ہوجائیں گے، کیونکہ موجودہ امریکی واقعے میں اس کے ملوث ہونے کا ابھی کوئی ثبوت ابھی سامنے نہیں آیا
امریکہ کے موجودہ بحران نے ایک بنیادی سوال پوری دنیا کے سامنے رکھ دیا ہے کہ کیا جدید ٹیکنالوجی پر بڑھتے ہوئے انحصار کے ساتھ انسانوں کے پاس ایسے متبادل نظام بھی موجود ہیں جو کسی بڑی تکنیکی ناکامی کی صورت میں قومی فضائی نظام کو مکمل طور پر بند ہونے سے بچا سکیں؟ اب امریکی تحقیقات کا اصل امتحان یہی ہوگا کہ 22 فضائی کنٹرول مراکز کے مواصلاتی رابطے کیوں متاثر ہوئے، نئے SMART نظام کا اس سے کوئی تعلق تھا یا نہیں، اور مستقبل میں ایسے بحران کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں گے

رپورٹ آفاق فاروقی

قومی خبریں سے مزید