متحدہ عرب امارات میں خوفناک ٹریفک حادثہ، ٹرک بے قابو ہو کر گاڑیوں پر چڑھ دوڑا، آگ بھڑکنے سے 14 افراد ہلاک اور 30 زخمی
متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے نے 14 خاندانوں کو سوگوار کر دیا ایک تیز رفتار ٹرک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر دوسری گاڑی سے ٹکرا گیا، جس کے بعد ٹرک الٹ گیا اور سڑک پر ٹریفک کی وجہ سے رکی ہوئی متعدد گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تصادم کے نتیجے میں ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی اور شعلے دوسری گاڑیوں تک پھیل گئے اس المناک حادثے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہو گئے
یہ حادثہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً نصف شب شیخ خلیفہ بن زاید روڈ پر فجیرہ شہر کے داخلی راستے کے قریب پیش آیا فجیرہ پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھو دیا، جس کے باعث ٹرک پہلے ایک دوسری گاڑی سے ٹکرایا، پھر الٹ کر سست رفتار ٹریفک میں رکی ہوئی کئی گاڑیوں سے جا ٹکرایا
حادثے کے فوراً بعد ٹرک میں آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے آس پاس کی کئی تباہ شدہ گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں مجموعی طور پر 18 گاڑیاں اور 5 ٹرک شامل تھے۔ آگ اور شدید تصادم کے باعث کئی افراد کو جان بچانے کا موقع بھی نہ مل سکا
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایمبولینس، امدادی کارکنوں اور شہری دفاع کے عملے کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔ امدادی ٹیموں نے آگ بجھانے، زخمیوں کو گاڑیوں سے نکالنے اور انہیں قریبی اسپتالوں تک پہنچانے کی کارروائیاں شروع کیں پولیس نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر ٹریفک کی آمدورفت بھی کنٹرول کی
فجیرہ پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے 30 افراد میں سے 15 کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے، جبکہ باقی 15 افراد تاحال زیر علاج ہیں
جاں بحق ہونے والوں میں متحدہ عرب امارات کے شہری بھی شامل ہیں بعض دیگر ہلاک شدگان کی شناخت ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی اور حکام ان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کروا رہے ہیں
زخمیوں میں متحدہ عرب امارات، عمان، بھارت، برازیل، پاکستان، اردن اور مصر کے شہری شامل ہیں بھارتی قونصل خانے نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس حادثے میں بھارتی شہریوں کی جانیں گئی ہیں قونصل خانہ متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہے اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر ان کی مدد کر رہا ہے
یہ حادثہ متحدہ عرب امارات کے حالیہ برسوں کے انتہائی ہلاکت خیز ٹریفک حادثات میں شمار کیا جا رہا ہے فجیرہ پولیس نے ڈرائیوروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ رفتار کی مقررہ حدود کا خیال رکھیں، دوسری گاڑیوں سے مناسب فاصلہ رکھیں اور خاص طور پر ٹریفک جام یا سست رفتار گاڑیوں کے قریب پہنچتے وقت احتیاط کریں
حکام نے حادثے کی قانونی اور تکنیکی تحقیقات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ٹرک ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہونے کی اصل وجہ کیا تھی اس سلسلے میں ڈرائیور کی ممکنہ غفلت، گاڑی کی تکنیکی خرابی یا کسی دوسرے سبب کے بارے میں حتمی نتیجہ تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گا
اس حادثے نے ایک مرتبہ پھر بھاری گاڑیوں کی ڈرائیونگ، شاہراہوں پر محفوظ فاصلے، ڈرائیوروں کی ذمہ داری اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی اہمیت اجاگر کر دی ہے چند لمحوں کی غفلت یا بے احتیاطی کس طرح درجنوں خاندانوں کی زندگیاں بدل سکتی ہے، فجیرہ کا یہ حادثہ اس کی دردناک مثال ہے






