Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ماسکو میں پیوٹن سے وٹکوف اور کشنر کی ملاقات، یوکرین امن مذاکرات میں یورپ کو شامل کرنے پر اتفاق

ماسکو میں پیوٹن سے وٹکوف اور کشنر کی ملاقات، یوکرین امن مذاکرات میں یورپ کو شامل کرنے پر اتفاق

ماسکو: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر نے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے دوران آئندہ یوکرین امن مذاکرات میں یورپی نمائندوں کو بھی شامل کرنے کا معاملہ اٹھایا،امریکی ایلچی وٹکوف کے مطابق پیوٹن نے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے کہ مذاکرات کے اگلے دور میں یورپ کو بھی شرکت کا موقع دیا جائے گا
وٹکوف نے ملاقات کے بعد کہا کہ یورپی ممالک اگلی نشست میں شریک ہوں گے اور یہ ایک اہم پیش رفت ہے کیونکہ یورپ امریکہ کا شراکت دار ہے اور اس کے لیے مذاکرات میں شامل ہونا ضروری ہے،کشنر نے بھی گفتگو کو تفصیلی اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے آئندہ کثیر ملکی مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی
تاہم کریملن نے یورپ کی شمولیت کی واضح تصدیق نہیں کی،پیوٹن کے معاون یوری اوشاکوف نے کہا کہ یورپی ممالک مذاکرات میں شامل ہونا چاہتے ہیں، لیکن انہیں پہلے فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ یوکرین میں امن چاہتے ہیں یا جنگ جاری رکھنا چاہتے ہیں،روسی حکام پہلے بھی یورپی ممالک پر یوکرین کی حمایت کے ذریعے جنگ کو طول دینے کا الزام لگاتے رہے ہیں
یہ ملاقات متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں روس، یوکرین اور امریکہ کے درمیان دو روزہ مذاکرات کے بعد ہوئی، جہاں جنگ بندی کے معاملے پر کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہو سکی تھی، البتہ قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق ہوا تھا،یوکرین نے روس کے اس مطالبے کو مسترد کر رکھا ہے کہ امن کے بدلے اسے ڈونباس کے باقی علاقوں سے بھی دستبردار ہونا چاہیے
پیوٹن نے یوکرین میں یورپی فوجیوں کی تعیناتی کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جنگ بندی کے بعد وہاں موجود مغربی فوجی دستے روس کے لیے جائز فوجی اہداف ہوں گے،دوسری جانب یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے مذاکرات میں یورپ کی ممکنہ شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ آئندہ بات چیت میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کے معاملات پر توجہ دی جانی چاہیے

قومی خبریں سے مزید