امریکی وزیر تجارت پر اینویڈیا کو تحفظ دینے کے الزامات، چین کو جدید اے آئی چپس کی فروخت روکنے کے مطالبات کے باوجود ہاورڈ لٹنک نے نرم پالیسی اپنائے رکھی
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اندر چین کو جدید امریکی مصنوعی ذہانت (AI) چپس کی فروخت پر سخت پابندیاں عائد کرنے کے معاملے میں اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں،امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے معروف ٹیکنالوجی کمپنی اینویڈیا اور اس کے شریک بانی و سربراہ جینسن ہوانگ کے کاروباری مفادات کو تحفظ دیا، جبکہ انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ حکام چین کو جدید چپس کی منتقلی روکنے کے لیے مزید سخت اقدامات کے حامی تھے
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے بیشتر سینئر عہدیدار اس بات پر متفق ہیں کہ امریکہ کو اینویڈیا کی جدید ترین چپس کی فروخت پر زیادہ سخت کنٹرول نافذ کرنا چاہیے، تاکہ چین ان ٹیکنالوجیز کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں امریکہ کے برابر آنے کے قابل نہ ہو سکے،تاہم محکمہ تجارت کے سربراہ ہاورڈ لٹنک گزشتہ ایک سال سے اس معاملے پر انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے اختلاف کرتے رہے ہیں
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لٹنک بالخصوص ایشیا میں اینویڈیا کی چپس کی فروخت کو محدود کرنے کے معاملے پر سخت پابندیوں کے مخالفانہ مؤقف کے باعث تنقید کی زد میں آئے،انتظامیہ اور کانگریس کے بعض ارکان نے الزام لگایا کہ محکمہ تجارت اینویڈیا اور جینسن ہوانگ کے ساتھ ضرورت سے زیادہ قربت اختیار کر چکا ہے اور چین کو چپس کی فروخت کی مؤثر نگرانی کرنے میں ناکام رہا ہے
یہ تنازعہ حالیہ ہفتوں میں اس وقت کھل کر سامنے آیا جب نیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا کہ اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کے ایک ایسی خاتون کے ساتھ تعلقات تھے جس کے بارے میں امریکی انٹیلی جنس اداروں کو شبہ تھا کہ وہ چین کے لیے جاسوسی کر رہی ہے،ایلس ہوانگ نامی یہ خاتون سنگاپور میں قائم کمپنی میگاسپیڈ کی ایک اعلیٰ عہدیدار تھی،اس کمپنی پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ اینویڈیا کی چپس غیر قانونی طریقے سے چین منتقل کرنے میں ملوث رہی ہے
جمعرات کو جینسن ہوانگ کے کمپنی کی سربراہی سے مستعفی ہونے کے اعلان نے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا،اس اعلان کے بعد اینویڈیا کے حصص کی قیمت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی
اس پورے معاملے نے ہاورڈ لٹنک کو بھی سیاسی اور انتظامی دباؤ میں لا کھڑا کیا ہے،اب یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا انہوں نے اینویڈیا کے کاروباری مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے امریکی قومی سلامتی کے تقاضوں کو پس پشت ڈال دیا تھا یا نہیں
رپورٹ کے مطابق جینسن ہوانگ صدر ٹرمپ کے قریبی اتحادیوں میں شمار ہوتے ہیں اور امریکی کاروباری دنیا کی نمایاں ترین شخصیات میں سے ایک ہیں،ان کے سیاسی اور کاروباری اثرورسوخ نے بھی اس بحث کو جنم دیا ہے کہ آیا اینویڈیا کے سربراہ کی انتظامیہ تک رسائی کی وجہ سے چین کو جدید چپس کی فروخت محدود کرنے کے اقدامات میں تاخیر ہوئی
امریکہ اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر بڑھتی ہوئی مسابقت کے تناظر میں یہ معاملہ محض ایک کمپنی کی کاروباری پالیسی تک محدود نہیں رہا بلکہ قومی سلامتی، برآمدی پابندیوں اور حکومتی نگرانی کے نظام کا اہم سوال بن گیا ہے






