Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہیگسیتھ کے مواخذے پر ووٹنگ: تازہ مچھلی سے پہلے ڈھیلے پڑنے والے ڈیموکریٹس کانگریس اراکین ، مستقبل میں مذید مایوس کریں گے ؟

ہیگسیتھ کے مواخذے پر ووٹنگ: تازہ مچھلی سے پہلے ڈھیلے پڑنے والے ڈیموکریٹس کانگریس اراکین ، مستقبل میں مذید مایوس کریں گے ؟

واشنگٹن: امریکی مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی شاندار کامیابی اور کانگریس میں ریپبلکنز کے خلاف سیاسی برتری حاصل کرنے کے صرف ایک ہفتے بعد ہی پارٹی کو اپنی صفوں میں شدید تنقید کا سامنا ہے،لاس اینجلس ٹائمز کی کالم نگار انیتا چابریا نے اپنے تبصرے میں ڈیموکریٹس کی قیادت، نظم و ضبط اور انتخابی وعدوں پر عمل درآمد کی صلاحیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے لکھا ہے کہ ووٹروں کی جانب سے تبدیلی کے مینڈیٹ کے باوجود ڈیموکریٹس نے محض سات دن میں اپنے حامیوں کی امیدوں کو مایوسی میں بدل دیا
تنازعہ اس وقت پیدا ہوا جب ایوان نمائندگان میں وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی کارروائی کو آگے بڑھانے کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں 11 ڈیموکریٹک ارکان شریک نہیں ہوئے،ان کی غیر حاضری کے باعث ریپبلکنز کو مواخذے کی کوشش کمیٹی کے مرحلے ہی میں روکنے کا موقع مل گیا
یہ ووٹنگ مڈٹرم انتخابات کے بعد کانگریس میں طاقت کے توازن میں تبدیلی کے پہلے منگل کو ہوئی،چابریا کے مطابق ڈیموکریٹس کی انتخابی کامیابی کے صرف 170 گھنٹے بعد ہی یہ واقعہ پیش آگیا، جس نے پارٹی کی نئی سیاسی حکمت عملی اور قیادت کی سنجیدگی پر سوالات کھڑے کر دیے
غیر حاضر 11 ارکان میں نیو میکسیکو کی رکن کانگریس میلانی اسٹینزبری بھی شامل تھیں،انہوں نے وضاحت فی کہ وہ ڈیموکریٹک پارٹی کی ایک تقریب سے واپسی پر ٹریفک میں پھنس گئیں اور اسی وجہ سے ووٹنگ میں شرکت نہ کر سکیں،انہوں نے اپنی غیر حاضری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ووٹنگ کے وقت ایوان میں موجود نہ ہونے پر ان سے زیادہ مایوس کوئی نہیں ہو سکتا
تاہم کالم نگار کے مطابق اس وضاحت سے ان ووٹروں کی مایوسی ختم نہیں ہوتی جنہوں نے ابھی ایک ہفتہ قبل ڈیموکریٹک پارٹی سے بڑی امیدیں وابستہ کی تھی
غیر حاضر 11 ارکان میں کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے تین ڈیموکریٹس بھی شامل تھے،ان میں لو کوریا نے پہلے ہی طبی وجوہات کی بنا پر ووٹنگ میں شرکت نہ کر سکنے کی اطلاع دے دی تھی،ان کے مطابق ان کی سرجری طے تھی اور وہ واشنگٹن کا سفر نہیں کر سکتے تھے،تاہم بعد میں انہیں دل کا دورہ پڑا اور منگل کو ان کی ہنگامی اوپن ہارٹ سرجری کرنا پڑی،کالم نگار نے اس صورت حال کو ان کی غیر حاضری کی جائز وجہ قرار دیا
سابق اسپیکر نینسی پلوسی بھی ووٹنگ کے روز کانگریس میں موجود نہیں تھیں،ان کے ترجمان کے مطابق وہ سان فرانسسکو واپس گئی تھیں جہاں انہیں سابق فوجیوں کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کرنا تھی،یہ تقریب مقامی تنظیم سورڈز ٹو پلاؤ شیئرز کی 30ویں سالانہ تقریب تھی، جہاں انہیں سابق فوجیوں کی خدمت کے اعتراف میں لائف ٹائم ایڈووکیٹ فار ویٹرنز ایوارڈ دیا جانا تھا
تیسری رکن کانگریس جولیا براؤنلی بھی ووٹنگ میں شریک نہیں ہو سکیں،انہوں نے پیٹ ہیگسیتھ کو امریکی تاریخ کے نااہل اور متنازعہ وزرائے دفاع میں شمار کرتے ہوئے ان کے مواخذے کی حمایت کی تھی،ان کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے ساتھی ووٹنگ کے لیے ایوان کی جانب جا رہے تھے لیکن اسپیکر مائیک جانسن نے ووٹنگ کا وقت ختم کر دیا
لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والی ڈیموکریٹک رکن سڈنی کاملگر ڈوو نے ساتھی ارکان کی غیر حاضری کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب کو پہلے سے معلوم تھا کہ ووٹنگ ہونے والی ہے، اس لیے ارکان کو وقت پر ایوان پہنچنا چاہیے تھا،ان کے مطابق حاضری کے مسئلے کی وجہ سے ڈیموکریٹس کو یہ ووٹ نہیں ہارنا چاہیے تھا
کالم نگار نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا ان 11 ارکان کی غیر حاضری ہی اس ناکامی کی ذمہ دار تھی یا اصل مسئلہ پارٹی کی قیادت میں موجود کمزوری ہے؟
متعدد امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کی انتخابی کامیابی کے بعد ہونے والی ایک تقریب میں پارٹی کی وہپ کیتھرین کلارک بھی شریک تھیں،وہپ کی بنیادی ذمہ داری ارکان کو ووٹنگ کے لیے متحد رکھنا اور انہیں بروقت ایوان میں پہنچانا ہوتی ہے،وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق کلارک ٹریفک کی صورت حال کا علم ہونے پر تقریب سے جلد روانہ ہوگئی تھیں تاکہ ووٹنگ سے محروم نہ رہیں، تاہم مبینہ طور پر انہوں نے اپنے دوسرے ساتھی ارکان کو اس صورت حال سے آگاہ نہیں کیا
اگلی صبح ہونے والے پارٹی اجلاس میں کلارک نے ارکان کی غیر حاضری پر مایوسی کا اظہار کیا،تاہم کالم نگار کا سوال ہے کہ اگر ارکان کو ووٹنگ کے لیے وقت پر پہنچانا وہپ کی ذمہ داری تھی تو پھر اس ناکامی کا بوجھ صرف غیر حاضر ارکان پر کیوں ڈالا جائے؟
ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے اقلیتی رہنما حکیم جیفریز بھی تنقید کی زد میں ہیں،وہ مستقبل میں ایوان کے اسپیکر بننے کے خواہش مند ہیں اور پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی حمایت کا اعلان بھی کر چکے تھے،لیکن ترقی پسند حلقوں کی جانب سے ان پر تنقید کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے ارکان کو ووٹنگ کے لیے متحد کرنے اور مطلوبہ حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے
جیفریز کو ماضی میں بھی اس تنقید کا سامنا رہا ہے کہ وہ ڈیموکریٹک ووٹروں اور پارٹی کے ترقی پسند کارکنوں میں فوری سیاسی کارروائی کی بڑھتی ہوئی خواہش کو پوری طرح نہیں سمجھتے،ان کے ابلاغی انداز اور پارٹی کو ایک مؤثر سیاسی سمت دینے کی صلاحیت پر بھی سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں
تاہم ایک امکان یہ بھی ہے کہ ڈیموکریٹک قیادت نے ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی کی جانب سے پیش کردہ مواخذے کی قرارداد کو آگے بڑھانے کے لیے اس وقت مناسب نہیں سمجھا ہو،ایوان نمائندگان میں ریپبلکنز کے کنٹرول کے باعث اس قرارداد کی کامیابی ابتدا ہی سے مشکل تھی، جبکہ مواخذے کا مقدمہ سینیٹ میں چلنا تھا جہاں اس وقت ریپبلکنز کی اکثریت برقرار ہے
کالم نگار نے اس امکان کا بھی ذکر کیا ہے کہ شاید جیفریز عوامی تاثر کے بجائے طویل المدتی سیاسی حکمت عملی کو ترجیح دے رہے ہوں، لیکن ان کے نزدیک اصل مسئلہ یہ ہے کہ ڈیموکریٹس نے اپنی حکمت عملی عوام تک پہنچانے میں بھی ناکامی دکھائی
انیتا چابریا کے تبصرے کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ ڈیموکریٹس کے لیے یہ ووٹنگ کامیاب ہو یا ناکام، اس کی علامتی اہمیت بہت زیادہ تھی،ووٹرز نے مڈٹرم انتخابات میں تبدیلی، احتساب اور عملی اقدامات کی توقع کے ساتھ ڈیموکریٹس کی حمایت کی تھی،پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی کوشش اس بات کا اظہار بن سکتی تھی کہ پارٹی نے عوامی پیغام سمجھ لیا ہے اور نئی سیاسی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے لے رہی ہے
ان کے مطابق اگر ڈیموکریٹک قیادت نے کسی سیاسی حکمت عملی کے تحت ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا تو اسے پہلے ہی عوام اور اپنے ارکان کو اس کی وضاحت کرنی چاہیے تھی،بصورت دیگر یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ پارٹی نے اپنے ہی ساتھیوں اور ووٹروں کو اعتماد میں لیے بغیر فیصلہ کیا
کالم نگار نے خبردار کیا ہے کہ یہ واقعہ آئندہ کانگریس کے لیے بھی اچھا اشارہ نہیں؟ووٹروں نے ڈیموکریٹس کو خفیہ سیاسی چالیں چلنے، بند کمروں میں فیصلے کرنے یا پارٹی کے اندر انتشار برقرار رکھنے کے لیے منتخب نہیں کیا تھا،ان سے توقع ہے کہ وہ ریپبلکنز کے مقابلے میں متحد ہو کر کام کریں گے اور انتخابی کامیابی کو عملی سیاسی اقدامات میں تبدیل کریں گے
اپنے تبصرے کے اختتام پر انیتا چابریا نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ڈیموکریٹس، صرف سات دن ہی گزرے ہیں اور آپ نے عوام کو مایوس کر دیا،میں نے تو ایسی مچھلی بھی خریدی ہے جو اس سے زیادہ دیر تک تازہ رہی

قومی خبریں سے مزید