نیویارک میں ممدانی کا متنازع پولیس یونٹ ختم کرنے کا فیصلہ، احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کے لیے نیا شہری ادارہ بنانے کی تیاری
نیویارک: نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی رواں ہفتے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) کے متنازعہ اسٹریٹیجک رسپانس گروپ (SRG) کو ختم کرنے کے منصوبے کا اعلان کر سکتے ہیں،اس معاملے سے باخبر تین افراد کے مطابق ممدانی انتظامیہ اس یونٹ کو تحلیل کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جو دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں اور احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کے لیے قائم کیا گیا تھا
اس اقدام کے ذریعے ممدانی 2025 کی انتخابی مہم کے دوران کیے گئے اپنے ایک اہم وعدے کو پورا کریں گے،ممدانی، جو خود کو ڈیموکریٹک سوشلسٹ قرار دیتے ہیں، نے انتخابی مہم میں اس متنازعہ پولیس یونٹ کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا
میڈیا سے گفتگو کرنے والے ایک ذریعے کے مطابق مجوزہ منصوبے میں اسٹریٹیجک رسپانس گروپ کو ختم کرنے کے ساتھ ایک نیا شہری ادارہ قائم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے، جو احتجاجی مظاہروں کے دوران ابتدائی طور پر حالات کو سنبھالنے کی ذمہ داری ادا کرے گا،اس ذریعے نے منصوبے کی تفصیلات زیر بحث ہونے کے باعث اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کی
مجوزہ نظام کے تحت نیا شہری ادارہ مظاہروں کے دوران کشیدگی کم کرنے اور صورتحال کو پُرامن رکھنے پر توجہ دے گا، جبکہ نیویارک پولیس کے اہلکار قریبی مقامات پر موجود رہیں گے،ضرورت پڑنے پر پولیس اہلکار مداخلت کر سکیں گے اور گرفتاریوں کی کارروائی بھی انجام دے سکیں گے
ذرائع کے مطابق جمعرات کی صبح تک اس منصوبے کو حتمی شکل نہیں دی گئی تھی،سٹی ہال میں اس بات پر بھی غور کیا جا رہا تھا کہ احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کے لیے قائم کیے جانے والے نئے شہری ادارے کو انتظامی طور پر کس محکمے کے ماتحت رکھا جائے
اس منصوبے کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ اسٹریٹیجک رسپانس گروپ طویل عرصے سے نیویارک میں پولیس کے احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کے طریقہ کار پر بحث اور تنقید کا مرکز رہا ہے،ممدانی کی مجوزہ تبدیلی سے شہر میں مظاہروں کے دوران پولیس کے کردار اور شہری نگرانی کے نظام میں نمایاں تبدیلی آ سکتی ہے






