Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

شومر کو سینیٹ میں ڈیموکریٹک قیادت سے ہٹانے کا چیلنج، کرس وان ہولن میدان میں آگئے

شومر کو سینیٹ میں ڈیموکریٹک قیادت سے ہٹانے کا چیلنج، کرس وان ہولن میدان میں آگئے
واشنگٹن: امریکی سینیٹر کرس وان ہولن نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ کانگریس میں سینیٹ کے ڈیموکریٹک لیڈر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑیں گے،ان کے اس اعلان سے موجودہ ڈیموکریٹک رہنما چک شومر کے لیے براہ راست قیادت کا مقابلہ شروع ہوگیا ہے،یہ پیش رفت مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد سامنے آئی ہے
ریاست میری لینڈ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر وان ہولن نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا کہ امریکی عوام نے تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے اور اسی مطالبے کے پیش نظر وہ قیادت کے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں
ان کا کہنا تھا کہ اب یہ ڈیموکریٹک پارٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائے، جس کے لیے نئی قیادت ضروری ہے،وان ہولن نے کہا کہ یہ معاملہ کسی ایک شخصیت کے خلاف نہیں بلکہ امریکی عوام کی آواز کا جواب دینے سے متعلق ہے
ان کی نامزدگی کا اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب وہ پہلے ہی قیادت کے انتخاب میں حصہ لینے پر غور کرنے کا عندیہ دے چکے تھے،دوسری جانب چک شومر کہہ چکے ہیں کہ انہیں دوبارہ ڈیموکریٹک رہنما منتخب ہونے کے لیے مطلوبہ حمایت حاصل ہے
سینیٹ میں ڈیموکریٹک قیادت کا انتخاب دسمبر کے اوائل میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا،کئی دہائیوں کے دوران یہ پہلا موقع ہوگا جب ڈیموکریٹک سینیٹرز کو اپنے رہنما کے انتخاب کے لیے باقاعدہ مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا
چک شومر کو دوبارہ منتخب کرنے یا نئی قیادت لانے کا سوال ڈیموکریٹک سینیٹ کے اندر اختلافات کا باعث بن چکا ہے،متعدد سینیٹرز نے عوامی سطح پر یہ بتانے سے گریز کیا ہے کہ وہ کس امیدوار کی حمایت کریں گے، جبکہ ارکان کے درمیان اس معاملے پر بند کمرے میں مشاورت جاری ہے

قومی خبریں سے مزید