Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

اہم خبریں

ہیلی اسٹیونز کی ریپبلکن امیدوار کی حمایت سے مشی گن کے سینیٹ انتخابات میں نیا سیاسی بھونچال، تاہم تازہ سروے میں عبدالسید بدستور آگے

مشی گن میں سینیٹ کی نشست کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار ڈاکٹر عبدالسید اور ریپبلکن امیدوار سابق رکن کانگریس مائیک راجرز کے درمیان مقابلہ انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے،3 نومبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل دونوں امیدواروں کے درمیان مقابلے کو ملک کے اہم ترین انتخابی معرکوں میں شمار کیا جا رہا ہے
اس انتخابی مقابلے میں نیا سیاسی تنازعہ اس وقت پیدا ہوا جب ڈیموکریٹک پارٹی کی پرائمری میں عبدالسید سے شکست کھانے والی رکن کانگریس ہیلی اسٹیونز نے یکم نومبر کو اچانک ریپبلکن امیدوار مائیک راجرز کی حمایت کا اعلان کر دیا،ان کے اس فیصلے نے ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماؤں اور ساتھیوں کو حیران کر دیا، کیونکہ اطلاعات کے مطابق 31 اکتوبر تک وہ عبدالسید کی حمایت کرنے کا ارادہ ظاہر کر رہی تھیں
ہیلی اسٹیونز نے CNN کے پروگرام میں اینڈرسن کوپر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عبدالسید کا رویہ دن بدن زیادہ غصے والا ہوتا جا رہا تھا اور انہوں نے اپنے ضمیر کی آواز کے مطابق فیصلہ کیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ وہ یکم نومبر کی صبح واضح ذہن کے ساتھ بیدار ہوئیں اور اپنے دل کی آواز پر عمل کرتے ہوئے مائیک راجرز کی حمایت کا فیصلہ کیا
اس پیش رفت سے چند روز قبل عبدالسید کی انتخابی مہم نے ہیلی اسٹیونز سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کی انتخابی تقریبات میں شرکت نہ کریں،دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات پہلے ہی منظرعام پر آ چکے تھے، تاہم اسٹیونز کی جانب سے مخالف جماعت کے امیدوار کی حمایت نے ڈیموکریٹک پارٹی کے اندرونی اختلافات کو مزید نمایاں کر دیا
اس کے باوجود تازہ انتخابی سروے عبدالسید کو برتری دیتے دکھائی دیتے ہیں،نیویارک ٹائمز اور سیانا یونیورسٹی کے یکم نومبر کو جاری ہونے والے سروے میں عبدالسید کو 53 فیصد اور مائیک راجرز کو 42 فیصد حمایت حاصل ہوئی، یعنی عبدالسید کو 11 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے،یوگوو کے 29 اکتوبر کے سروے میں بھی عبدالسید 51 فیصد کے مقابلے میں 47 فیصد سے آگے تھے۔
تاہم بعض دوسرے سروے مقابلے کو زیادہ سخت ظاہر کرتے ہیں،انسائیڈر ایڈوانٹیج کے اکتوبر کے سروے میں عبدالسید کو 47 فیصد اور راجرز کو 46 فیصد حمایت حاصل تھی،مجموعی انتخابی جائزوں میں بھی عبدالسید کو برتری حاصل ہے، لیکن انتخابی ماہرین کے نزدیک ہیلی اسٹیونز کی حمایت اور آخری مرحلے میں ووٹرز کی شرکت نتائج پر اثر انداز ہو سکتی ہے
مشی گن کی یہ نشست اس لیے بھی اہم ہے کہ ریپبلکن جماعت ڈیموکریٹس کے زیر قبضہ سینیٹ کی نشست حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے،اس مقابلے کے نتائج نہ صرف ریاست کی سیاسی سمت بلکہ کانگریس میں طاقت کے توازن کے لیے بھی اہم ثابت ہو سکتے ہیں

قومی خبریں سے مزید