نیویارک سٹی کونسل کا ممدانی کے وعدے کے تحت محکمہ برائے کمیونٹی سیفٹی کے قیام کی جانب اہم قدم
نیویارک سٹی کونسل جمعہ کو میئر ظہران ممدانی کے انتخابی وعدوں میں شامل ایک اہم منصوبے پر پیش رفت کرنے جا رہی ہے،کونسل میں محکمہ برائے کمیونٹی سیفٹی (Department of Community Safety) کے قیام سے متعلق سماعت ہوگی، جس کا مقصد شہر میں تشدد کی روک تھام اور ذہنی صحت کے ہنگامی واقعات سے نمٹنے کے طریقہ کار میں بنیادی تبدیلی لانا ہے
اس محکمے کا قیام ممدانی کے اہم انتخابی وعدوں میں شامل تھا، تاہم وہ ابھی تک اس وعدے کو مکمل طور پر عملی شکل نہیں دے سکے،سیاسی امور کے ماہرین کے مطابق اس منصوبے پر پیش رفت میئر کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ پولیسنگ اور امن و امان کے معاملات پر ان کی حکمت عملی کو پہلے ہی سخت تنقید کا سامنا ہے
ہنٹر کالج کے پروفیسر اور نیویارک کی سیاست پر طویل عرصے سے نظر رکھنے والے جوزف وٹیریٹی نے گوتھامسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ وعدہ ہے جو ممدانی نے انتخابی مہم کے دوران کیا تھا،ان کے بقول، ترقی پسند حلقوں کی جانب سے میئر پر پولیس ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے اقدامات کرنے کے لیے دباؤ ہے، لیکن ان میں سے بعض وعدے ابھی تک پورے نہیں ہوئے
ممدانی نے انتخابی مہم کے دوران ایک وسیع اختیارات رکھنے والے شہری محکمے کے قیام کا وعدہ کیا تھا، جو تشدد کی روک تھام اور ذہنی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے پہلے سے موجود متعدد پروگراموں کو وسعت دے گا
اس مجوزہ محکمے کا ایک اہم مقصد 911 ایمرجنسی سروس کے نظام میں بھی تبدیلی لانا ہے،اس کے تحت ایمرجنسی کال موصول ہونے پر ہر معاملے میں پولیس اہلکار بھیجنے کے بجائے ایسے واقعات میں غیر پولیس ماہرین کو بھی روانہ کیا جا سکے گا جہاں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی موجودگی ضروری نہ ہو، خصوصاً ذہنی صحت کے بحران سے متعلق ہنگامی حالات میں
اس منصوبے کا بنیادی تصور یہ ہے کہ تشدد اور ذہنی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے پولیس کے روایتی طریقہ کار کے ساتھ ساتھ سماجی کارکنوں، ذہنی صحت کے ماہرین اور دیگر تربیت یافتہ پیشہ ور افراد کی خدمات بھی استعمال کی جائیں





