Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

جج پر رشوت لینے کا الزام، لاہور بار کا مریم نواز کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمے کا اعلان

جج پر رشوت لینے کا الزام، لاہور بار کا مریم نواز کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمے کا اعلان

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ایک جج پر مبینہ طور پر رشوت لینے کا الزام عائد کرنے کے معاملے پر پیکا ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے،لاہور بار کے صدر عرفان حیات باجوہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے متعلقہ ادارے میں درخواست جمع کرائی جائے گی
بار کے صدر نے مریم نواز کی جانب سے جج پر 2 کروڑ روپے رشوت لینے کے مبینہ الزام کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر قانونی کارروائی کی جائے گی،بار کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب وزیراعلیٰ نے لاہور میں ایک غیر ملکی خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کے مقدمے میں ملزم کو ضمانت ملنے کے بعد عدالتی کارروائی اور مبینہ مالی لین دین سے متعلق سوالات اٹھائے ہیں
مریم نواز نے 23 اکتوبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ متاثرہ خاتون کو مقدمے سے دستبردار ہونے کے لیے ڈیڑھ سے 2 کروڑ روپے کی پیش کش کی گئی، جبکہ انہوں نے ملزم کو ضمانت دینے والے جج کو مبینہ رشوت دیے جانے کا معاملہ بھی اٹھایا،وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ انصاف دولت، اثر و رسوخ اور تعلقات کی بنیاد پر نہیں ہونا چاہیے
یہ معاملہ لاہور میں ایک آذربائیجانی خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کے مقدمے سے متعلق ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا بیان ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کیا گیا تھا،بعد ازاں سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں خاتون نے ملزم کو معاف کرنے اور مقدمہ آگے نہ بڑھانے کی بات کی، جس کے بعد معاملے نے مزید توجہ حاصل کی
پولیس حکام نے اس مقدمے کی تفتیش متاثر کرنے کی کوششوں سے متعلق بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ تاہم، خاتون کو رقم کی پیش کش اور جج کو رشوت دیے جانے کے الزامات کی حتمی تصدیق عدالتی یا تفتیشی نتائج سے ہونا باقی ہے
لاہور بار کے اعلان کے مطابق، مریم نواز کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی کے لیے درخواست جلد جمع کرائی جائے گی۔ فی الحال بار نے مقدمہ درج کرانے کے ارادے کا اعلان کیا ہے؛ دستیاب اطلاعات میں مقدمے کے باقاعدہ اندراج کی تصدیق نہیں ہوئی

قومی خبریں سے مزید