وزیر اعلیٰ پنجاب کے شوہر نامدار کیپٹن صفدر انتہائی اہم مشن پر گجرانوالہ پہنچ گئے ۔ اپنے مقصد میں کامیابی تک گھر واپس نہیں جاؤں گا، مقامی میڈیا سے خطاب
پاکستان کے سیاستدانوں اور طاقتور لوگوں کیلئے رئیل اسٹیٹ کا دھندہ کس قدر منافع بخش ہے ،اس کا اندازہ ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹیز اور پرائیویٹ سوسائٹیز کی پورے ملک میں مشروم گروتھ سے لگایا جا سکتا ہے۔ حکومتی سرپرستی میں زرخیز زرعی زمینوں کو گرین ایریا سے گرے ایریا ڈیکلیئر کر کے اور درختوں باغوں کو کاٹ کر کالونیاں بنائی جا رہی ہیں ۔ریئل اسٹیٹ میں سرکاری افسران اور سیاستدانوں کی دلچپسی کا عالم دیکھئے گجرانوالہ کی ڈی سی کالونی کے صدارتی انتخاب میں شعیب بٹ نامی ایک مقامی مسلم لیگی رہنما حصہ لے رہا ہے جسکی کیمپین کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان گوجرانوالہ پہنچے ہوئے ہیں۔ کیپٹن صفدر نے مقامی میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے ساتھی شعیب بٹ کو ڈی سی کالونی کا صدر منتخب کروا کر واپس جائیں گے۔ ڈی سی کالونی وہ سونے کی کان ہے جس سے ماضی میں افسران اور کاروباری و سیاسی شخصیات کروڑوں اربوں روپے کے فائدے اٹھا چکے ہیں۔ جس طرح ڈیفنس سوسائٹیز اعلیٰ عسکری افسران کیلئے منافع بخش وینچرز ہیں اِسی طرح ایل ڈی اے ، کے ڈی اے ، سی ڈی اے اور دوسری کالونیاں سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کیلئے ناجائز مال بنانے کا ذریعہ ہیں ۔ مقامی ذرائع کیمطابق ڈی سی کالونی کی باؤنڈری میں توسیع اور کمرشل پلاٹس کی سیل سے ہر سال بھاری رقوم خرد برد کر لی جاتی ہیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو انکا حصہ پہنچ جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈی سی کالونی گوجرانوالہ کے سابق صدر حصے کی لڑائی کی وجہ سے زیرعتاب ہیں اور جیل میں قید ہیں جبکہ شعیب بٹ جو سابق صدر کی ٹیم کا حصہ تھے اب علیحدہ گروپ بنا کر صدارتی انتخاب لڑ رہے ہیں۔





