ٹرمپ انتظامیہ کی ٹرانس جینڈر قیدیوں کے علاج پر پابندی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے وفاقی جیلوں میں ٹرانس جینڈر قیدیوں کو جنس کی تبدیلی سے متعلق طبی سہولتیں فراہم کرنے پر عائد کی جانے والی پابندی نافذ کرنے کی اجازت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے
محکمہ انصاف نے پیر کو سپریم کورٹ میں ہنگامی درخواست دائر کرتے ہوئے واشنگٹن ڈی سی کے وفاقی جج رائس لیمبرت کے اس حکم کو معطل کرنے کی استدعا کی ہے جس کے تحت وفاقی جیلوں کے بیورو کو مذکورہ پالیسی پر عمل درآمد سے روک دیا گیا تھا
انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ عدالتی حکم کے باعث وفاقی جیلوں میں ٹرانس جینڈر قیدیوں کے حوالے سے نئی پالیسی نافذ نہیں ہو پا رہی،یہ درخواست اس وقت سامنے آئی ہے جب اس پالیسی کے خلاف قانونی کارروائی عدالت میں جاری ہے
وفاقی جج رائس لیمبرت نے ابتدائی طور پر پالیسی کے خلاف حکم دیتے ہوئے قرار دیا تھا کہ اسے غیر قانونی قرار دیے جانے کا امکان موجود ہے،ٹرمپ انتظامیہ کی نئی درخواست میں سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مقدمے کے حتمی فیصلے تک انتظامیہ کو پالیسی نافذ کرنے کی اجازت دی جائے
یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ٹرانس جینڈر افراد کے حقوق اور جنس کی تبدیلی سے متعلق طبی سہولتوں کے حوالے سے پالیسی میں وسیع تر تبدیلیوں کی کوششوں کا حصہ ہے






