تاریخی ستم :ستر سال سے ایک ہی گھر میں رہتی 87 سالہ خاتون کو زبردستی نکال دیا گیا، اسپین میں شدید غم و غصہ، رہائشی بحران پھر عالمی بحث بن گیا
اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں 87 سالہ خاتون کو اس گھر سے زبردستی بے دخل کردیا گیا جہاں وہ اپنی زندگی کے 71 سال گزار چکی تھیں، واقعے نے ملک میں بڑھتے ہوئے رہائشی اور کرایوں کے بحران پر شدید غم و غصے کو جنم دے دیا
ماری کارمن اباسکل میڈرڈ کے ریٹیرو علاقے میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں 1956 سے رہ رہی تھیں،وہ وہیل چیئر استعمال کرتی ہیں اور پولیس کی موجودگی میں انہیں گھر سے اسٹریچر پر نکال کر ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا گیا،واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئیں
اباسکل کا کرایہ کئی دہائیوں پرانے قانونی معاہدے کے تحت صرف 500 یورو ماہانہ تھا، لیکن مکان کی ملکیت ایک رئیل اسٹیٹ کمپنی کے پاس منتقل ہونے کے بعد نیا کرایہ 2,650 یورو ماہانہ مقرر کیا گیا، جو ان کی تقریباً 1,350 یورو ماہانہ پنشن سے کہیں زیادہ تھا
اباسکل نے نیا کرایہ ادا کرنے سے انکار نہیں کیا بلکہ ان کا مؤقف تھا کہ وہ اپنی پنشن کے مقابلے میں اتنا زیادہ کرایہ ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتیں اور ان کے پاس جانے کے لیے کوئی دوسرا گھر بھی نہیں،ان کے معاملے میں پرانے کرائے کے معاہدے کو برقرار رکھنے کا قانونی تنازعہ کئی برس جاری رہا
بدھ کے روز جب بے دخلی پر عملدرآمد کیا گیا تو سینکڑوں افراد رات ہی سے عمارت کے باہر جمع ہوگئے تھے،پولیس نے مظاہرین کو عمارت کے قریب جانے سے روکا، جبکہ بعض افراد نے بے دخلی روکنے کی کوشش بھی کی،اباسکل کو عمارت سے اسٹریچر پر نکالے جانے کے مناظر نے احتجاج کو مزید جذباتی بنا دیا
اباسکل کا معاملہ میڈرڈ میں بڑھتے کرایوں اور جائیدادوں کی ملکیت بڑی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے ہاتھوں منتقل ہونے کے وسیع تر مسئلے کی علامت بن گیا ہے،مقامی میڈیا کے مطابق عمارت کی ملکیت تبدیل ہونے کے بعد اباسکل کو مکان خریدنے کا موقع بھی دیا گیا تھا، لیکن مطلوبہ رقم ان کے لیے ممکن نہیں تھی
اس معاملے نے حکومت اور شہری اداروں کو بھی دباؤ میں ڈال دیا ہے،اسپین کی وزارتِ ہاؤسنگ نے بے دخلی روکنے کی درخواست کی تھی، جبکہ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی اس معاملے پر کارروائی روکنے کا مطالبہ سامنے آیا تھا،اس کے باوجود عدالتی کارروائی کے بعد بالآخر بے دخلی عمل میں آگئی
خاتون کو گھر سے نکالنے کے مناظر نے اسپین میں ایک بنیادی سوال دوبارہ اٹھا دیا ہے،بڑھتی ہوئی جائیداد کی قیمتوں اور کرایوں کے دور میں طویل عرصے سے اپنے گھروں میں رہنے والے بزرگ اور کم آمدنی والے افراد کس حد تک محفوظ رہ سکتے ہیں





