ٹرمپ انتظامیہ کو عدالتی جھٹکا، CNN، MS NOW اور POLITICO کے وائٹ ہاؤس پاس بحال کرنے کا حکم
واشنگٹن: امریکی وفاقی جج ٹموتھی کیلی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کو CNN، MS NOW اور POLITICO کے صحافیوں کی وائٹ ہاؤس تک رسائی فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے
جج نے جمعرات کو 14 روزہ عارضی حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے کہا کہ تینوں میڈیا اداروں کی جانب سے دائر مقدمے میں یہ مؤقف بادی النظر میں مضبوط ہے کہ ان کے پریس پاسز گزشتہ ہفتے مناسب قانونی کارروائی کے بغیر منسوخ کیے گئے
عدالت کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے تینوں اداروں کی رسائی ختم کرنے کا اقدام ممکنہ طور پر آئین سے متصادم ہے،جج کیلی نے قرار دیا کہ میڈیا اداروں کے پاس اس مرحلے پر اپنے مقدمے میں کامیابی کے امکانات موجود ہیں، خصوصاً اس بنیاد پر کہ ان کے صحافتی اسناد منسوخ کرنے سے قبل انہیں مناسب نوٹس یا اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا
یہ مقدمہ CNN، MS NOW اور POLITICO نے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف دائر کیا تھا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وائٹ ہاؤس کی کارروائی ان کی صحافتی آزادی اور آئینی حقوق کو متاثر کرتی ہے
عدالتی حکم فی الحال حتمی فیصلہ نہیں بلکہ 14 دن کے لیے عبوری ریلیف ہے،اس دوران اصل مقدمے کی سماعت اور قانونی کارروائی جاری رہے گی
جج ٹموتھی کیلی کو صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے دورِ صدارت میں وفاقی جج مقرر کیا تھا،کیلی اس سے قبل بھی ٹرمپ انتظامیہ اور وائٹ ہاؤس پریس رسائی سے متعلق ایک مقدمے میں صحافی کے حق میں فیصلہ دے چکے ہیں





