ٹرمپ کی سوشل میڈیا سرگرمی، 10 گھنٹوں میں 60 پوسٹس، صدر کی اپنی بنائی ہوئی دنیا کی عکاسی
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تعطیلاتی ویک اینڈ کے دوران تقریباً 10 گھنٹوں میں 60 سوشل میڈیا پوسٹس کرکے اپنی سیاسی مہم، مخالفین پر حملوں اور اپنے بارے میں تصور کی ایک غیر معمولی تصویر پیش کی،نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی ہفتہ وار سوشل میڈیا سرگرمی اب اکثر اسی انداز میں طویل پوسٹس کے سلسلے میں تبدیل ہو جاتی ہے
ان پوسٹس میں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصاویر بھی شامل تھیں،ایک تصویر میں ٹرمپ کو کینیڈا کے وزیر اعظم کو ہاکی اسٹک سے دھمکاتے ہوئے، دوسری میں دشمن اہداف پر خود بمباری کرتے ہوئے اور ایک اور تصویر میں قاتل روبوٹس کے ساتھ تاریک سڑکوں پر گشت کرتے ہوئے دکھایا گیا
ٹرمپ نے ایسے نقشے بھی شیئر کیے جن میں امریکا کو دوسرے ممالک پر قبضہ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، جبکہ ایک نقشے میں ایک امریکی ریاست کا نام تبدیل کیا گیا،انہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کو ’’Dumocratic Party‘‘ لکھ کر تنقید کا نشانہ بنایا اور خود کو ’’ہر دور کا عظیم ترین صدر‘‘ قرار دینے والی پوسٹس بھی شیئر کیں
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی سوشل میڈیا سرگرمی نہ صرف ان موضوعات کی نشاندہی کرتی ہے جنہیں وہ عوام کے سامنے نمایاں کرنا چاہتے ہیں بلکہ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ انہیں کس انداز میں دیکھیں،ناقدین کا کہنا ہے کہ ان کی مسلسل اور بعض اوقات غیر معمولی پوسٹنگ ان کی ذہنی کیفیت کے بارے میں بھی سوالات اٹھاتی ہے، اگرچہ سوشل میڈیا سرگرمی کی بنیاد پر کسی شخص کی ذہنی صحت کا طبی تعین نہیں کیا جا سکتا





