اسلام آباد میں اغوا کیے گئے 4 چینی شہری بازیاب، 6 اغوا کار گرفتار
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں پولیس نے تاوان کے لیے اغوا کیے گئے 4 چینی شہریوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، جبکہ کارروائی کے دوران 6 اغوا کاروں کو گرفتار کرلیا گیا تاہم گروہ کا سرغنہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا
پولیس کے مطابق ایک مشتبہ شخص کو پہلے ایک ڈکیتی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران اس نے انکشاف کیا کہ اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایف-10/4 سے 4 چینی شہریوں کو تاوان کے لیے اغوا کیا تھا
اغوا کے بعد چینی شہریوں کو بنگیال کے علاقے میں واقع ایک ڈیری فارم میں رکھا گیا تھا، جہاں ان کی رہائی کے بدلے تاوان کی رقم پر بات چیت جاری تھی گرفتار ملزم نے پولیس کو مغویوں تک پہنچانے میں مدد کی
پولیس ٹیم نے ڈیری فارم کو گھیرے میں لیا تو اندر موجود اغوا کاروں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی
کارروائی کے دوران پولیس نے دو اغوا کاروں کو گرفتار کیا جو مغویوں کی نگرانی کر رہے تھے۔ پولیس نے ملحقہ کمرے سے چاروں چینی شہریوں کو بحفاظت بازیاب کرلیا
بعد ازاں پولیس نے مزید چار اغوا کاروں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا۔ تاہم گروہ کا مرکزی سرغنہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں اور فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے





