وینکوور کے معروف پولیس افسر اور اینٹی گینگ کارکن کال دوسانجھ پر فراڈ، چوری اور اعتماد توڑنے کے الزامات
وینکوور، برٹش کولمبیا: کینیڈا کے شہر وینکوور میں ایک معروف اور طویل عرصے سے پولیس سروس سے وابستہ افسر کو فراڈ، چوری اور سرکاری عہدے کے اعتماد کو مجروح کرنے کے سنگین الزامات کا سامنا ہے۔ افسر کی شناخت کانسٹیبل کالوندر “کال” دوسانجھ کے طور پر ہوئی ہے، جو پولیس افسر ہونے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو جرائم اور گینگ کلچر سے دور رکھنے والی ایک فلاحی تنظیم کے سربراہ بھی ہیں
رپورٹس کے مطابق دوسانجھ کو جمعرات کے روز گرفتار کیا گیا ان کے خلاف مجموعی طور پر نو فوجداری الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن میں:
- 5,000 ڈالر سے زائد کے فراڈ کے 4 الزامات
- 5,000 ڈالر سے زائد کی چوری کے 4 الزامات
- سرکاری عہدے پر موجود شخص کی جانب سے اعتماد توڑنے کا 1 الزام
شامل ہیں برٹش کولمبیا پراسیکیوشن سروس نے ان الزامات کی تصدیق کی ہے
کال دوسانجھ گزشتہ 25 سال سے زائد عرصے سے وینکوور پولیس ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ رہے ہیں ان کے کیریئر کا ایک اہم حصہ مالی جرائم کی تحقیقات سے متعلق رہا، اور وہ پولیس کے Financial Crimes Unit میں سینئر ڈیٹیکٹو کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں
ان کی عوامی شناخت صرف پولیس افسر تک محدود نہیں رہی دوسانجھ نے 2015 میں KidsPlay Youth Foundation قائم کی، جس کا مقصد نوجوانوں کو منشیات، گینگ اور جرائم سے دور رکھنا بتایا گیا تنظیم نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے پروگرام، کیمپس اور رہنمائی سمیت مختلف سرگرمیاں منعقد کرتی رہی ہے
اس کیس کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ دوسانجھ کے خلاف تحقیقات مبینہ طور پر وینکوور پولیس ڈیپارٹمنٹ کی اپنی ٹیم نے کیں
رپورٹس کے مطابق یہ خفیہ تحقیقات تقریباً ڈھائی سال تک جاری رہیں تحقیقات مکمل ہونے کے بعد پولیس نے دوسانجھ کو گرفتار کیا اور ان کی رہائش گاہ سمیت KidsPlay فاؤنڈیشن کے دفاتر میں بھی تلاشی لی گئی، جہاں سے پولیس اہلکار مبینہ طور پر متعدد ڈبوں میں موجود مواد اپنے ساتھ لے گئے
اس کیس میں دوسانجھ اکیلے ملزم نہیں ہیں۔ سربجیت سنگھ نامی 51 سالہ شخص کو بھی شریک ملزم قرار دیا گیا ہے
گل کے خلاف مجموعی طور پر چھ فراڈ اور چوری کے الزامات عائد کیے گئے ہیں پولیس کے مطابق جن مبینہ جرائم کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، ان کا عرصہ 8 دسمبر 2017 سے 25 جولائی 2025 تک بتایا گیا ہے اور واقعات وینکوور، سرے اور برٹش کولمبیا کے دیگر علاقوں سے متعلق ہیں
دوسانجھ کے وکلا نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے مؤکل نے کوئی جرم نہیں کیا اور وہ کسی غلط کام کے مرتکب نہیں ہوئے
دفاع کی جانب سے اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ صرف گرفتاری یا الزامات عائد ہونا جرم ثابت ہونے کے مترادف نہیں ہے کیس کا فیصلہ عدالت میں شواہد اور قانونی کارروائی کے بعد ہوگا
وینکوور پولیس نے اس معاملے پر مزید تفصیلات فراہم کرنے کے لیے پریس کانفرنس کا اعلان کیا ہے پولیس چیف Steve Rai اور تحقیقات کی قیادت کرنے والے سپرنٹنڈنٹ Mike Ritchie کی جانب سے کیس کے بارے میں مزید معلومات دیے جانے کی توقع ہے
یہ معاملہ اس لیے بھی خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ دوسانجھ ایک طرف طویل عرصے سے پولیس افسر اور مالی جرائم کے تفتیش کار رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف نوجوانوں کو گینگ اور جرائم سے دور رکھنے کے لیے ایک فلاحی ادارے کی قیادت بھی کرتے رہے ہیں
دوسانجھ اور شریک ملزم کے خلاف عائد کیے گئے الزامات ابھی عدالت میں ثابت نہیں ہوئے جب تک عدالت جرم ثابت نہ کرے، دونوں کو قانونی طور پر بے گناہ تصور کیا جاتا ہے





