دولت مند افراد کو نشانہ بنا کر جعلی چھاپے، دہلی میں ’’اسپیشل 26‘‘ طرز کے گینگ کا انکشاف

دولت مند افراد کو نشانہ بنا کر جعلی چھاپے، دہلی میں ’’اسپیشل 26‘‘ طرز کے گینگ کا انکشاف

نئی دہلی میں ایک ایسے مبینہ منظم گروہ کا انکشاف ہوا ہے جو مرکزی تحقیقاتی ادارے کے اہلکاروں کا روپ دھار کر دولت مند افراد کے گھروں پر جعلی چھاپے مارتا اور دھمکیاں دے کر رقم اور قیمتی سامان لوٹتا تھا،بھارتی رپورٹس کےرپورٹ کے مطابق گینگ نے مبینہ طور پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت اپنے اہداف کا انتخاب کیا اور ان کے گھروں، اثاثوں اور مالی حیثیت سے متعلق معلومات پہلے سے جمع کیں
تحقیقات کے مطابق ملزمان نے جعلی شناختی دستاویزات تیار کیں اور خود کو مرکزی تفتیشی ادارے کے اہلکار ظاہر کرنے کے لیے مخصوص جیکٹس اور دیگر سامان استعمال کیا،اس کے بعد کئی افراد پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جاتیں جو سرکاری تفتیش کاروں کے روپ میں گھروں میں داخل ہوتیں
رپورٹ کے مطابق گینگ کا طریقہ واردات انتہائی منظم تھا،مبینہ طور پر پہلے ایسے افراد کی نشاندہی کی جاتی جن کے بارے میں خیال ہوتا کہ ان کے پاس بڑی مقدار میں نقد رقم، زیورات یا دیگر قیمتی اثاثے موجود ہیں،اس کے بعد ان کے گھروں اور کاروباری سرگرمیوں سے متعلق معلومات حاصل کی جاتیں اور جعلی چھاپے کے لیے پوری ٹیم تیار کی جاتی
گھر میں داخل ہونے کے بعد ملزمان مبینہ طور پر سرکاری کارروائی کا تاثر دیتے، متاثرین کو قانونی کارروائی اور گرفتاری کی دھمکیاں دیتے اور اسی خوف کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رقم یا قیمتی سامان حاصل کرتے
اس واردات کا طریقہ 2013 کی بھارتی فلم ’’اسپیشل 26‘‘ کی کہانی سے مشابہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں ایک گروہ خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کرکے دولت مند افراد کے ٹھکانوں پر جعلی چھاپے مارتا ہے
بھارتی تفتیشی ادارے اب یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ گروہ نے ممکنہ متاثرین کی ذاتی اور مالی معلومات کہاں سے حاصل کیں، جعلی سرکاری شناختی دستاویزات کیسے تیار کی گئیں اور آیا اس نیٹ ورک میں کسی اندرونی شخص نے بھی ملزمان کی مدد کی یا نہیں
یہ واقعہ بھارت میں جعلی سرکاری اہلکاروں کے نام پر ہونے والے جرائم اور شہریوں کے حساس مالی و ذاتی ڈیٹا کے ممکنہ غیر قانونی استعمال کے حوالے سے بھی سنگین سوالات اٹھاتا ہے

قومی خبریں سے مزید