Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

امریکی ادارۂ خوراک و ادویات نے سائکلواسپوریاسس کے نئے پھیلاؤ کی تحقیقات شروع کر دیں، 72 کیسز سامنے آ گئے

امریکی ادارۂ خوراک و ادویات نے سائکلواسپوریاسس کے نئے پھیلاؤ کی تحقیقات شروع کر دیں، 72 کیسز سامنے آ گئے

امریکی ادارۂ خوراک و ادویات (ایف ڈی اے) نے آنتوں کی بیماری سائکلواسپوریاسس کے ایک نئے پھیلاؤ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جس میں اب تک 72 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم بیماری کا اصل ذریعہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا۔

رائٹرز کے مطابق ایف ڈی اے نے بدھ کو اعلان کیا کہ وہ اس وبا کے پھیلاؤ کی وجہ معلوم کرنے کے لیے متاثرہ افراد کے کھانے پینے کی اشیا اور ممکنہ ذرائع کا سراغ لگا رہی ہے۔

یہ نیا پھیلاؤ امریکا کے وسط مغربی علاقوں میں سامنے آنے والے سائکلواسپوریاسس کے بڑھتے ہوئے کیسز میں شامل ہے۔ مشی گن سمیت کم از کم چار دیگر ریاستوں میں بھی اس بیماری کے متعدد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سائکلواسپوریاسس ایک آنتوں کی بیماری ہے جو ’’سائکلواسپورا‘‘ نامی جرثومے سے ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ بیماری آلودہ خوراک یا پانی کے استعمال سے انسانوں میں منتقل ہو سکتی ہے۔

اس بیماری کی عام علامات میں مسلسل یا شدید دست، پیٹ میں مروڑ، متلی، تھکن اور معدے کی تکلیف شامل ہیں۔ بعض افراد میں علامات چند دن بعد ظاہر ہوتی ہیں اور بیماری کئی ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے۔

ایف ڈی اے نے کہا ہے کہ وہ بیماری کے ممکنہ ذریعہ تک پہنچنے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے تاکہ مزید لوگوں کو متاثر ہونے سے روکا جا سکے۔ حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ اگر انہیں مسلسل معدے کی تکلیف یا مذکورہ علامات کا سامنا ہو تو وہ طبی مشورہ حاصل کریں۔

صحت کے ماہرین کے مطابق خوراک کی صفائی، پھلوں اور سبزیوں کو اچھی طرح دھونا اور محفوظ پانی کا استعمال ایسی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے

قومی خبریں سے مزید