این سی سی آئی اے نے پنجاب میں سفارت خانوں کا روپ دھار کر فراڈ کرنے والے گروہ کے 12 ارکان گرفتار کر لیے

این سی سی آئی اے نے پنجاب میں سفارت خانوں کا روپ دھار کر فراڈ کرنے والے گروہ کے 12 ارکان گرفتار کر لیے

لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پنجاب میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے سائبر فراڈ گروہ کے 12 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے جو مبینہ طور پر غیر ملکی سفارت خانوں کا روپ دھار کر ویزا اور امیگریشن کے خواہش مند افراد کو دھوکا دیتا تھا۔
این سی سی آئی اے پنجاب کے ڈائریکٹر علی وسیم کے مطابق ملزمان نے مختلف غیر ملکی سفارت خانوں، جن میں سعودی عرب، جرمنی اور اٹلی شامل ہیں، کے ڈیٹا اور رابطہ نمبرز تک غیر قانونی رسائی حاصل کی اور آنے والی کالز کو اپنے نمبرز پر منتقل کر کے لوگوں کو جعلی سفارتی خدمات فراہم کرنے کا جھانسہ دیا۔
حکام کے مطابق گروہ جعلی ویب سائٹس، جعلی تقرری خطوط اور سفارت خانوں جیسے آن لائن پلیٹ فارمز تیار کر کے شہریوں سے ویزا اپائنٹمنٹ، امیگریشن اور دیگر قونصلر خدمات کے نام پر رقم وصول کرتا تھا۔ تحقیقات کے دوران ملزمان سے موبائل فونز، جعلی دستاویزات اور دیگر ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے گئے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق یہ گروہ 2019 سے سرگرم تھا اور پاکستانیوں کے علاوہ غیر ملکی شہریوں کو بھی نشانہ بناتا رہا۔ حکام نے بتایا کہ ملزمان نے مختلف زبانیں بولنے والے افراد کو بھی اپنے ساتھ شامل کیا تاکہ وہ خود کو سفارتی اہلکار ظاہر کر سکیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ مزید ملزمان اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ سائبر فراڈ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

قومی خبریں سے مزید