فیکٹ چیک: وائرل ویڈیو آبنائے ہرمز میں ایرانی بحریہ کی جانب سے جہاز تباہ کرنے کی نہیں
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ مناظر آبنائے ہرمز میں ایرانی بحریہ کی جانب سے ایک جہاز کو تباہ کرنے کے ہیں۔ تاہم یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا ہے۔
تحقیقی جانچ کے مطابق یہ ویڈیو حالیہ واقعے کی نہیں بلکہ ایک پرانی فوٹیج ہے، جس میں امریکی بحریہ کی جانب سے خلیج فارس میں ایرانی “شہید سلیمانی کلاس” جنگی جہاز کو نشانہ بنائے جانے کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
یہ ویڈیو 14 جولائی کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مختلف اکاؤنٹس کی جانب سے شیئر کی گئی اور دعویٰ کیا گیا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں ایک جہاز کو تباہ کر دیا ہے۔ ان پوسٹس کو لاکھوں افراد نے دیکھا، جس کے بعد اس دعوے کی حقیقت جانچنے کا عمل شروع کیا گیا۔
تحقیق کے دوران ویڈیو کے اہم مناظر کی تلاش سے معلوم ہوا کہ یہی تصاویر پہلے بھی ایک بحری امور کی ویب سائٹ پر شائع ہو چکی تھیں، جہاں بتایا گیا تھا کہ یہ واقعہ مارچ 2026 میں پیش آیا تھا اور اس میں امریکی کارروائی کے دوران ایرانی بحری جہاز کو نقصان پہنچا تھا۔
نتیجہ:
وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا واقعہ نہ تو حالیہ ہے اور نہ ہی آبنائے ہرمز میں ایرانی بحریہ کی جانب سے کسی جہاز کو تباہ کرنے کا ثبوت ہے۔ یہ ایک پرانی ویڈیو کو نئے علاقائی تنازع سے جوڑ کر غلط انداز میں پیش کیا گیا۔





