ایران پر بمباری اور بس بمباری مسئلے کا حل ہے ؟
ایران کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات اور دونوں ملکوں کے درمیان ممکنہ مذاکراتی معاہدے کے امکانات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا، کیونکہ وہ بہرحال دنیا کی سب سے بڑی طاقت امریکہ کے صدر ہیں۔
ترکی میں نیٹو سربراہ اجلاس کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے بارے میں سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اب ان کے ساتھ مزید بات چیت نہیں کرنا چاہتا، وہ انتہائی خراب لوگ ہیں۔ آپ جانتے ہیں خراب لوگ کسے کہتے ہیں؟ وہ خراب لوگ ہیں۔ وہ بیمار ذہنیت رکھنے والے لوگ ہیں۔ ان کی قیادت بیمار لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔ وہ ظالم اور تشدد پسند لوگ ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’اگر ان کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو وہ انھیں استعمال کرتے۔ جہاں تک میرا تعلق ہے، یہ معاملہ ختم ہو چکا ہے۔‘
تاہم کیا یہ ایران کے بارے میں ٹرمپ کے آخری الفاظ ہیں؟ بظاہر ایسا نہیں۔ وہ جنگ اور اس دوران زیرِغور مفاہمت کی یادداشت کے حوالے سے مسلسل بیانات دیتے رہے ہیں۔ ان کے مؤقف میں کبھی کامیابی کے دعوے سامنے آئے، کبھی ایرانی تہذیب کو تباہ کرنے کی دھمکیاں دی گئیں اور کبھی مذاکرات کی حمایت کی گئی۔





