امریکی محکمہ انصاف میں ایک ہفتے کے دوران چوتھے اعلیٰ عہدیدار کا استعفیٰ
واشنگٹن: امریکہ کے محکمہ انصاف میں مڈٹرم انتخابات کے بعد ایک ہفتے کے اندر چوتھے اعلیٰ عہدیدار نے استعفیٰ دے دیا ہے،محکمہ انصاف کے سول ڈویژن کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل بریٹ شومیٹ نے پیر کے روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا
سول ڈویژن وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف نوعیت کے قانونی مقدمات کی پیروی کرتا ہے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ حکومت میں اس ڈویژن کے مقدمات کی تعداد میں اضافے کے ساتھ متعدد اعلیٰ عہدیدار بھی اپنے عہدے چھوڑ چکے ہیں
اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شومیٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ڈویژن نے ایسے مقدمات دائر کیے جن کا مقصد امیگریشن قوانین پر عمل درآمد میں رکاوٹ بننے والی مقامی پالیسیوں کو چیلنج کرنا اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نقصان پہنچانے والی پالیسیوں کے خلاف قانونی کامیابیاں حاصل کرنا تھا
بلانش کے مطابق ڈویژن نے کمپنیوں میں غیر قانونی تنوع، مساوات اور شمولیت (DEI) سے متعلق طریقہ کار ختم کرانے کے لیے اہم تصفیے بھی کیے اور نابالغوں کو جنس کی تبدیلی سے متعلق طبی سہولتیں فراہم کرنے والے متعدد کلینکس بند کرائے،انہوں نے شومیٹ کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا
مڈٹرم انتخابات کے بعد استعفیٰ دینے والی پہلی اعلیٰ عہدیدار ہارمیت ڈھلون تھیں، جو محکمہ انصاف کے سول رائٹس ڈویژن کی سربراہ تھیں،جمعے کو جنوبی فلوریڈا کے وفاقی پراسیکیوٹر جیسن ریڈنگ کوئینونز اور محکمہ انصاف کے نیشنل سکیورٹی ڈویژن کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل جان آئزن برگ نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا
بریٹ شومیٹ نے اپنے دور میں کئی متنازعہ قانونی مقدمات کی نگرانی کی،ان میں ایسی یونیورسٹیوں کے خلاف مقدمات دائر کرنا بھی شامل تھا جو غیر قانونی طور پر امریکہ میں مقیم تارکین وطن کے بچوں کو ریاست کے رہائشی طلبہ کے برابر فیس پر تعلیم حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتی تھیں
اس کے علاوہ انہوں نے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ پر پابندیاں عائد کرنے کے صدر ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر کا عدالت میں دفاع کیا، وفاقی اہلکاروں کے چہرے ڈھانپنے پر پابندی لگانے والے ریاستی قوانین کی مخالفت کی اور ریاستوں کے خلاف مقدمات دائر کیے تاکہ وہ امیگریشن افسران کو خفیہ کارروائیوں کے لیے خصوصی نمبر پلیٹیں جاری کریں
ان کے دور میں محکمہ انصاف کے سول ڈویژن کے کئی شعبوں سے ملازمین کی بڑی تعداد چلی گئی؟اپیلوں اور وفاقی حکومت کے مقدمات کی پیروی کرنے والے شعبوں میں بھی عملے کی کمی پیدا ہوئی، جبکہ امیگریشن سے متعلق مقدمات کا بوجھ بڑھتا گیا






