ابوظہبی میں روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ کی ثالثی میں سہ فریقی مذاکرات شروع
واشنگٹن: امریکہ نے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے نئی سفارتی کوششیں شروع کر دی ہیں،اس سلسلے میں منگل 10 نومبر کو ابوظہبی میں امریکہ، روس اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات شروع ہو رہے ہیں،فروری کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان یہ پہلے باضابطہ اور اہم مذاکرات ہیں
امریکی حکام کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ مذاکرات میں جنگ کے مکمل خاتمے کے لیے تجاویز پیش کرے گی،امریکی منصوبے کا ایک اہم حصہ روس اور یورپ کے درمیان طویل مدتی سکیورٹی نظام وضع کرنا ہے، جسے انتظامیہ نے ’’لانگ ٹرم سکیورٹی آرکیٹیکچر‘‘ کا نام دیا ہے
یورپی حکام کو خدشہ ہے کہ روس مذاکرات کے دوران نیٹو سے مشرقی یورپ میں اپنی فوجی موجودگی محدود کرنے کا مطالبہ برقرار رکھ سکتا ہے،یورپی ممالک کے نزدیک اس مطالبے سے مشرقی یورپ میں اتحادی ممالک کی سلامتی متاثر ہو سکتی ہے اور خطے میں روسی اثرورسوخ بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن ایک عرصے سے نیٹو کی مشرق کی جانب توسیع پر اعتراض کرتے رہے ہیں اور روس اور مغرب کے درمیان طاقت کے توازن پر دوبارہ مذاکرات کا مطالبہ کرتے آئے ہیں
یہ مذاکرات ایسے وقت ہو رہے ہیں جب امریکہ نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر حملے کیے ہیں، جبکہ حالیہ مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو نقصان کے بعد صدر ٹرمپ کو داخلی سیاسی دباؤ کا بھی سامنا ہے
امریکی حکام نے مذاکرات کو جنگ کے مستقل خاتمے کی کوشش قرار دیا ہے، تاہم یورپی ممالک کو خدشہ ہے کہ روس کے سخت مؤقف اور نیٹو کی مشرقی یورپ میں موجودگی کے معاملے پر اختلافات کسی معاہدے کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن سکتے ہیں






