ٹرمپ کی متنازعہ پالیسیوں کے اہم معمار اسٹیفن ملر کے بیانات، امیگریشن سے لے کر ملک بدری کی مہم تک سخت مؤقف کا دفاع
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مڈٹرم انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کو بڑے انتخابی دھچکوں کے چند روز بعد اسٹیفن ملر کو وائٹ ہاؤس کا نیا چیف آف اسٹاف مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے،ملر اس سے قبل ٹرمپ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف برائے پالیسی اور ہوم لینڈ سکیورٹی کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے،وہ 9 نومبر سے نئی ذمہ داری سنبھال چکے ہیں
وائٹ ہاؤس کے مطابق ملر ابتدا ہی سے صدر ٹرمپ کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں اور انتظامیہ کی بڑی پالیسیوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے،وہ خصوصاً امیگریشن کے سخت قوانین اور بڑے پیمانے پر غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری کی مہم کے نمایاں حامی رہے ہیں،ان پالیسیوں پر امریکہ میں مسلسل تنقید اور تنازعات سامنے آتے رہے ہیں
جنوری میں منی سوٹا میں بارڈر پٹرول کے اہلکاروں کی فائرنگ سے 37 سالہ مظاہرین ایلکس پریٹی کی ہلاکت کے بعد ملر نے ابتدا میں انہیں ’’داخلی دہشت گرد‘‘ قرار دیا اور الزام لگایا کہ انہوں نے وفاقی قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی،بعد میں ملر نے کہا کہ ان کے یہ بیانات منی سوٹا میں کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے اہلکاروں سے ملنے والی اطلاعات پر مبنی تھے،انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا وفاقی اہلکاروں نے کارروائی کے دوران مقررہ ضابطوں پر عمل نہیں کیا تھا
اسٹیفن ملر کی نئی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن پالیسی، ملک بدری کی کارروائیوں اور وفاقی اہلکاروں کے اختیارات پر سیاسی اور قانونی بحث جاری ہے،ان کی تقرری سے وائٹ ہاؤس کی پالیسی سازی میں ان کے پہلے سے موجود اثرورسوخ کو مزید وسعت ملنے کا امکان ہے
ونلڈ ٹرمپ کے نئے چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر نے اپنی سیاسی زندگی میں ٹرمپ انتظامیہ کی متعدد متنازعہ پالیسیوں کی تشکیل اور دفاع میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ USA TODAY کی 9 نومبر 2026 کو شائع ہونے والی رپورٹ میں ملر کے ان بیانات کا جائزہ لیا گیا ہے جن میں مسلمانوں کے امریکہ داخلے پر پابندی، تارکین وطن کی ملک بدری، اسرائیل کی حمایت اور وینزویلا پر امریکی کنٹرول جیسے معاملات شامل ہیں
مسلمانوں پر سفری پابندی،ٹرمپ کی پہلی صدارت کے آغاز میں 2017 میں کئی مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کے امریکہ آنے پر پابندی کی پالیسی تیار کرنے میں ملر کا اہم کردار تھا،انہوں نے اس پابندی کے دفاع میں کہا تھا کہ صدر کو ایسے افراد کے داخلے پر پابندی لگانے کا اختیار حاصل ہے جو امریکہ اور اس کی اقدار کے مخالف ہوں۔ عدالت کی جانب سے ابتدائی پابندی مسترد کیے جانے کے بعد ملر نے کہا تھا کہ نئی پالیسی میں معمولی تکنیکی تبدیلیاں ہوں گی، لیکن بنیادی مقصد وہی رہے گا،بعدازاں سپریم کورٹ نے 2018 میں ٹرمپ کی سفری پابندی کو برقرار رکھا۔
امیگریشن اور ملک بدری،ملر نے بڑے پیمانے پر تارکین وطن کی ملک بدری کی مہم کی حمایت کی،
سپریم کورٹ کی جانب سے پناہ کے متلاشی افراد کو امریکی سرحد سے واپس بھیجنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملر نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے کہا تھا کہ ’’امریکہ کے دروازے پناہ کے متلاشیوں کے لیے مکمل طور پر بند ہیں” انہوں نے پیدائشی شہریت کے حق کی بھی مخالفت کی اور اسے سپریم کورٹ کی تاریخ کے تباہ کن فیصلوں میں سے ایک قرار دیا،ٹرمپ کی پہلی حکومت کے دوران بچوں کو والدین سے الگ کرنے کی پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے ملر نے 2018 میں کہا تھا کہ یہ غیر قانونی داخلے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا حصہ ہے اور اس کا پیغام ہے کہ کوئی بھی امیگریشن قوانین سے بالاتر نہیں
وینزویلا پر امریکی کنٹرول،وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی گرفتاری کے لیے امریکی کارروائی کے بعد ملر نے دعویٰ کیا تھا کہ وینزویلا عملاً امریکہ کے کنٹرول میں ہے،انہوں نے CNN کو انٹرویو دیتے ہوئے اس کارروائی کو امریکی خارجہ اور فوجی پالیسی کی بڑی کامیابیوں میں سے ایک قرار دیا،ان کے مطابق امریکی مدد اور قیادت سے وینزویلا پہلے سے زیادہ خوشحال ہوسکتا ہے
اسرائیل اور ایران،ملر نے اسرائیل کے دفاع کے حق کی حمایت کی اور 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملے کے بعد سوچل میڈیا پر لکھا اسرائیل کو حماس کی دھشگردی کے خلاف اپنے غصے کا اظہار کرنا چاہیئے
انہوں نے امریکہ میں نوجوانوں کے اسرائیل مخالف جذبات کو بڑے پیمانے پر امیگریشن سے بھی جوڑا،ملر نے رواں سال ایران کے خلاف شروع ہونے والے امریکی اور اسرائیلی مشترکہ فوجی آپریشن کی بھی حمایت کی
رپورٹ میں ملر کے ان بیانات کو ان کی سیاسی سوچ اور ٹرمپ انتظامیہ کی متنازعہ پالیسیوں کے پس منظر میں پیش کیا گیا ہے،ان کی بطور چیف آف اسٹاف تقرری کے بعد یہ مؤقف اب زیادہ اہمیت اختیار کرگئے ہیں، کیونکہ وہ وائٹ ہاؤس میں صدر کے سب سے بااختیار مشیروں میں شمار ہوتے ہیں






