ڈیموکریٹس کی مزید ریاستوں میں کامیابی سے صدارتی انتخابات کا نظام بدلنے کی راہ ہموار، الیکٹورل کالج کی اہمیت ختم ہو سکتی ہے
واشنگٹن: امریکہ کے مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس کی مزید ریاستی حکومتوں میں کامیابی سے صدارتی انتخابات کا موجودہ طریقہ تبدیل کرنے کی کوشش کو تقویت مل سکتی ہے،اس پیش رفت کے نتیجے میں نیشنل پاپولر ووٹ انٹر اسٹیٹ کمپیکٹ نامی معاہدے میں مزید ریاستوں کی شمولیت کا امکان پیدا ہوگیا ہے، جس کا مقصد صدارتی انتخاب میں الیکٹورل کالج کے بجائے ملک بھر میں حاصل کیے گئے عوامی ووٹوں کو فیصلہ کن بنانا ہے
یہ معاہدہ اب تک 18 ڈیموکریٹک زیرِانتظام ریاستوں میں نافذ ہے، جن کے پاس مجموعی طور پر 222 الیکٹورل ووٹ ہیں،منصوبے کے تحت جب اس معاہدے میں شامل ریاستوں کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 270 تک پہنچ جائے گی تو وہ اپنے تمام الیکٹورل ووٹ اس صدارتی امیدوار کو دینے کی پابند ہوں گی جس نے ملک بھر میں سب سے زیادہ عوامی ووٹ حاصل کیے ہوں،اس طرح صدارتی انتخاب کا فیصلہ چند سوئنگ ریاستوں کے بجائے قومی سطح پر ڈالے گئے ووٹوں کی اکثریت سے ہونے لگے گا
منگل 3 نومبر کے انتخابات میں ڈیموکریٹس نے 6 ریاستوں ایریزونا، مشی گن، منی سوٹا، نیواڈا، پنسلوانیا اور وسکونسن میں گورنر کے عہدے اور ریاستی قانون ساز اداروں، دونوں کا کنٹرول حاصل کیا،ان ریاستوں کے پاس مجموعی طور پر 71 الیکٹورل ووٹ ہیں۔ منی سوٹا پہلے ہی 2023 میں اس معاہدے میں شامل ہو چکی تھی
وسکونسن کے نومنتخب ڈیموکریٹک گورنر ڈیوڈ کراؤلی نے الیکٹورل کالج کو ختم کرنے کی تجویز پر ریاستی اسمبلی کے ساتھ بات چیت میں دلچسپی ظاہر کی ہے،پنسلوانیا کے گورنر جوش شپیرو بھی اس معاہدے کی حمایت کرتے ہوئے اپنی ریاست کو اس میں شامل کرنے کے لیے قانون سازوں کے ساتھ کام کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں،تاہم ایریزونا کی گورنر کیٹی ہوبز نے ابھی اس معاملے پر واضح مؤقف اختیار نہیں کیا، جبکہ مشی گن اور نیواڈا کی نئی ڈیموکریٹک انتظامیہ نے بھی فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا
اس منصوبے کو قانونی اور آئینی چیلنجز کا سامنا بھی ہوسکتا ہے،ناقدین کا مؤقف ہے کہ ریاستیں اپنے انتخابی قوانین کے ذریعے دوسری ریاستوں کے صدارتی انتخاب کے نتائج پر اثرانداز نہیں ہوسکتیں،بعض قانونی ماہرین کے مطابق مختلف ریاستوں میں امیدواروں اور بیلٹ پیپرز کے فرق سے ووٹروں کے مساوی حقوق کا آئینی سوال بھی پیدا ہوسکتا ہے،یہ معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچنے کا امکان رکھتا ہے
نیشنل پاپولر ووٹ منصوبے کو 2000 کے صدارتی انتخابات کے بعد زیادہ توجہ ملی تھی، جب جارج ڈبلیو بش الیکٹورل کالج میں کامیابی کے باوجود قومی سطح پر عوامی ووٹوں میں ال گور سے پیچھے رہے تھے،2016 میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے ہیلری کلنٹن کے مقابلے میں کم عوامی ووٹ حاصل کیے، لیکن الیکٹورل کالج کے ذریعے صدر منتخب ہوئے تھے
اس منصوبے کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس سے صدارتی امیدوار صرف چند فیصلہ کن ریاستوں پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے پورے ملک کے ووٹروں تک پہنچنے پر مجبور ہوں گے،دوسری جانب مخالفین اسے چھوٹی آبادی والی ریاستوں کے اثرورسوخ میں کمی اور آئینی طریقہ انتخاب میں بنیادی تبدیلی قرار دیتے ہیں،اس لیے ڈیموکریٹس کی نئی ریاستی کامیابیوں کے باوجود معاہدے کا 270 الیکٹورل ووٹوں تک پہنچنا اور اس کا قانونی طور پر نافذ ہونا ابھی یقینی نہیں ہے






